Dawn News Television

شائع 11 فروری 2019 03:57pm

رجنی کانت کی چھوٹی بیٹی نے دوسری شادی کرلی

بھارت کے سپر اسٹار اور ریاست تامل ناڈو میں بھگوان کا درجہ رکھنے والے اداکار68 سالہ رجنی کانت کی چھوٹی بیٹی اداکارہ و فلم ساز سندریا رجنی کانت نے طلاق کے ایک سال بعد ہی دوسری شادی کرلی۔

فلم ساز و اداکارہ 34 سالہ سندریا رجنی کانت کی دوسری شادی کے حوالے سے گزشتہ برس نومبر میں خبریں سامنے آئی تھیں۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق دونوں چنئی میں 11 فروری کی صبح کو شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

شادی میں سندریا رجنی کانت کا بیٹا بھی خوش نظر آیا—فوٹو: ٹوئٹر

دونوں کی شادی میں اہل خانہ سمیت قریبی دوستوں اور تامل فلم انڈسٹری کی شخصیات نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: رجنی کانت کی چھوٹی بیٹی دوسری شادی کرنے کو تیار

خیال رہے کہ دونوں کی منگنی نومبر 2018 میں ہوئی تھی، تاہم ان کے خاندان نے اس کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا تھا۔

یہ اطلاعات پہلے ہی تھیں کہ دونوں فروری 2019 تک شادی کرلیں گے۔

سندریا اپنے والد کے ساتھ بھی فلموں میں کام کر چکی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

سندریا رجنی کانت نے پہلی شادی 2010 میں ایک کاروباری شخص سے کی تھی، تاہم 2017 میں ہی ان کی طلاق ہوگئی۔

دونوں نے تامل روایات کے مطابق شادی کی—فوٹو: انڈیا ٹوڈے

ان دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے جس کی عمر 5 سال ہے۔

سندریا اداکار رجنی کانت کی چھوٹی بیٹی ہیں، ان کی بڑی بہن 36 سالہ ایشوریا رجنی کانت دھنش بھی تامل فلم انڈسٹری کا حصہ ہیں اور انہوں نے بھی تامل اداکار دھنش سے شادی کر رکھی ہے۔

شادی میں دونوں خاندانوں کے افراد سمیت شوبز شخصیات نے بھی شرکت کی—فوٹو: انسٹاگرام

دلچسپ بات یہ ہے کہ سندریا رجنی کانت کے شوہر وشاگن واننگ مودی کی بھی یہ دوسری شادی ہے۔

وشاگن واننگ مودی بھی تامل فلموں کے اداکار ہیں، تاہم وہ اداکاری سے قبل کاروبار سے منسلک تھے۔

ان کی بھی پہلی شادی ناکام ثابت ہوئی تھی۔

شادی کی تقریبات 9 فروری کو شروع ہوئی تھیں—فوٹو: ٹوئٹر

Read Comments