Dawn News Television

اپ ڈیٹ 27 مئ 2019 02:53pm

زوہیب حسن کا پی ایس ایل انتظامیہ پر کاپی رائٹس کے خلاف کارروائی کا اعلان

پاکستانی پاپ گلوکار زوہیب حسن نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) انتظامیہ پر اجازت کے بغیر اپنے گانے کو افتتاحی تقریب میں پیش کرنے پر قانونی کارروائی کا اعلان کردیا۔

پی ایس ایل کے چوتھے سیزن کا آغاز 14 فروری کو ہوا تھا اور اس کی افتتاحی تقریب متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں ہوئی تھی۔

افتتاحی تقریب میں متعدد گلوکاروں نے معروف گانے پیش کیے۔

پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں گلوکارہ آئمہ بیگ اور شجاع حیدر نے ماضی کے مقبول گانے ’ڈسکو دیوانے‘ پر پرفارمنس کی تھی۔

’ڈسکو دیوانے‘ کو ماضی میں پاپ گلوکارہ نازیہ حسن اور زوہیب حسن نے گایا تھا جو گلوکار زوہیب حسن کی بہن تھیں۔

’ڈسکو دیوانے‘ کو اجازت کے بغیر پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں گانے پر زوہیب حسن نے برہمی کا اظہار کیا اور ایونٹ انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کردیا۔

گلوکار نے پی ایس ایل انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا—اسکرین شاٹ

زوہیب حسن نے اپنی فیس بک پوسٹ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ پی ایس ایل ایونٹ جیسی انتطامیہ نے کاپی رائٹس کی خلاف ورزی کی۔

زوہیب حسن نے اپنی مختصر پوسٹ میں واضح کیا کہ اجازت کے بغیر ’ڈسکو دیوانے‘ کو تقریب میں پیش کیے جانے پر وہ پی ایس ایل انتظامیہ کے خلاف کارروائی کریں گے۔

زوہیب حسن نے گلوکارہ آئمہ بیگ اور شجاع حیدر کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا۔

زوہیب حسن کی جانب سے کاپی رائٹس کی خلاف ورزی پر پی ایس ایل انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے اعلان کے بعد تاحال پی ایس ایل عہدیداروں نے کوئی بیان نہیں دیا۔

خیال رہے کہ ’ڈسکو دیوانے‘ میوزک ایلبم 1980 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

اگرچہ اس ایلبم کے دیگر گانے بھی معروف ہوئے تھے، تاہم ’ڈسکو دیوانے‘ گانے نے دنیا بھر اور خصوصی طور پر جنوبی ایشیا میں دھوم مچادی تھی۔

اس گانے میں نازیہ حسن اور زوہیب حسن نے شاندار پرفارمنس دے کر اس گانے کو شہرت بخشی تھی۔

نازیہ حسن اور زوہیب حسن کے اسی گانے کو بھارتی موسیقاروں نے بھی کاپی کیا اور اس کے ریمیک بنائے۔

Read Comments