Dawn News Television

اپ ڈیٹ 15 فروری 2019 08:56pm

امبانی خاندان ایک اور پرتعیش شادی کے لیے تیار

بھارت اور ایشیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کی اکلوتی بیٹی ایشا امبانی کی گزشتہ سال شادی کے چرچے کئی ہفتوں تک ہوتے رہے اور اب ان کے بیٹے رشتہ ازدواج سے منسلک ہونے جارہے ہیں۔

ایشا امبانی کی شادی گزشتہ 35 سال کی سب سے مہنگی شادی قرار پائی تھی جس پر 10 کروڑ ڈالر یا 14 ارب پاکستانی روپے سے زائد کا خرچہ کیا گیا۔

اب مکیش امبانی اور ان کی اہلیہ نیتا امبانی اپنے بڑے بیٹے اور ایشا کے جڑواں بھائی آکاش کی شادی شکلا مہتا نامی لڑکی سے کرنے جارہے ہیں جس پر بھی یہ خاندان یقیناً خرچے کا کوئی ریکارڈ بنائے گا۔

یہ شادی 9 مارچ کو ہورہی ہے اور اس کا دعوت نامہ یا شادی کارڈ اب سامنے آگیا ہے۔

ایشا امبانی کی شادی کا دعوت نامہ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جو کہ ایک باکس کی شکل میں تیار کیا گیا تھا۔

آکاش امبانی اپنی منگیتر شکلا مہتا کے ساتھ — فوٹو بشکریہ این ڈی ٹی وی

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق آکاش امبانی کی شادی کا دعوت نامہ بھی اس سے کافی ملتا جلتا ہے جو کہ دیکھنے میں کسی بورڈ گیم کنٹینر جیسا ہے جس کے ارگرد سفید پھول موجود ہیں جبکہ سامنے ہندو دیوتاﺅں کی تصویر ہے۔

جب کارڈ کو کھولا جاتا ہے تو یہ تصویر جگمگانے لگتی ہے اور ایک بھجن بجنے لگتا ہے۔

اس دعوت نامے میں شادی کی تقریبات کی متعدد فہرستیں اور دیگر عناصر موجود ہیں۔

جیسا آپ نیچے مختلف انسٹاگرام ویڈیوز میں اس کارڈ کے مختلف فیچرز دیکھ سکتے ہیں جو دنگ کردینے والے ہیں۔

آکاش امبانی کی شادی کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئی ہیں اور خاندان نے سب سے پہلا کارڈ ایک مندر میں دیا۔

شادی کی تقریبات کا آغاز فروری کے آخر میں ہوگا جس کے دوران دولہا سوئٹزرلینڈ میں 3 روز کی ایک بیچلر پارٹی کا انعقاد کرے گا جس میں 500 کے قریب مہمان شریک ہوں گے، جنہیں لے جانے کے لیے امبانی خاندان نے 2 طیاروں کو بک بھی کرالیا ہے۔

اس بیچلر پارٹی کے بعد شادی کی مرکزی تقریبات 9 مارچ سے شروع ہوں گی جو کہ 11 مارچ تک جاری رہیں گی۔

یہ تقریبات ممبئی میں مکیش امبانی کے جیو ورلڈ سینٹر میں ہوں گی اور یقیناً ایشا امبانی جیسی ہی پرتعیش بھی ہوں گی۔

آکاش امبانی کی شادی کے دعوت نامے کی لاگت تو ابھی سامنے نہیں آسکی مگر ایشا امبانی کی شادی کا ایک کارڈ 3 لاکھ بھارتی روپے (ساڑھے 5 لاکھ روپے) کا تھا تو یہ بھی اتنی مالیت کا تو ہوگا ہی۔

خیال رہے کہ مکیش امبانی 47.7 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے 12 جبکہ ایشیا کے امیر ترین شخص ہیں۔

Read Comments