Dawn News Television

شائع 21 فروری 2019 10:05pm

برگر لانا بھول جانے پر بیوی نے شوہر سے خلع مانگ لی

اگر بیوی اپنے شوہر سے گھر سے باہر جاتے ہوئے کسی چیز کی فرمائش کرے اور وہ واپسی میں اسے بھول جائے تو خاتون کا ردعمل کیا ہوگا؟

یقیناً تھوڑی بہت بحث اور پھر معاملہ ٹھنڈا پڑ جائے گا۔

مگر متحدہ عرب امارات میں خاتون نے فرمائش پوری نہ کرنے پر شوہر سے خلع مانگ لی۔

خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق ابوظبہی کی رہائشی خاتون نے اس وقت خلع کی درخواست دائر کردی جب شوہر رات کو گھر واپسی پر کھانا لانا بھول گیا۔

بیس سے تیس سال کے درمیان کی یہ خاتون اس وقت گھر پر تھی جب اس کا شوہر اپنے چند دوستوں کے ساتھ صحرا کی سیر کو گیا۔

خاتون نے شوہر سے فرمائش کی تھی کہ وہ واپسی پر رات کے کھانے کے لیے برگر لیتا آئے۔

شوہر دوستوں کے ساتھ رات گئے تک گھومتا رہا اور واپسی میں فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ سے برگر لے کر جانا بھول گیا۔

جب وہ رات کو 3 بجے بغیر برگر کے گھر پہنچا تو جوڑے درمیان شدید لڑائی ہوئی اور حالات یہاں تک پہنچ گئے کہ بیوی گھر چھوڑ کر چلی گئی۔

مقامی وکیل کے مطابق شادی شدہ جوڑوں کو شادی کے حوالے سے حقیقت پسندانہ توقعات کی تعلیم دیئے جانے کی ضرورت ہے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ حقیقت پسند ہونے سے لوگ ازدواجی جھگڑے سلجھانے کے لیے عدالت کا رخ نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے قوانین ہونے چاہئے جب کسی کو کوئی نقصان نہ پہنچا ہو تو جوڑوں کو ایسے جج کے پاس بھیجا جائے تو ان کے مسائل حل کرنے میں مدد کرے، اگر بیوی پھر بھی خلع کے لیے اصرار کرے تو شادی کے بعد دیئے جانے والا جہیز واپس لیا جائے گا۔

Read Comments