معزول وزیراعظم نواز شریف کی ٹیکس ادائیگی میں 860 فیصد کمی
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سال 2016 کے مقابلے میں 2017 میں 35 فیصد کم یعنی محض ایک لاکھ 3 ہزار 7 سو 63 روپے ٹیکس ادا کیا جبکہ 2016 میں ان کی جانب سے دی گئی ٹیکس کی رقم ایک لاکھ 59 ہزار 6 سو 9 روپے تھی۔
دوسری جانب اسی عرصے کے دوران سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی جانب سے بھی ٹیکس ادائیگی میں حیرت انگیز کمی واقع ہوئی، 2016 میں انہوں نے 25 لاکھ 24 ہزار روپے ٹیکس ادا کیا جبکہ 2017 میں انہوں سے 860 فیصد کم، یعنی محض 2 لاکھ 63 ہزار 173 روپے ٹیکس ادا کیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، جو سب سے زیادہ ٹیکس دینے والوں کی فہرست میں 5 ویں نمبر پر ہیں، کی ٹیکس ادائیگی میں 16 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا اور 2016 میں انہوں نے 26 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ 2017 میں 30 لاکھ 86 ہزار روپے ٹیکس ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیکس دہندگان کی فہرست میں کراچی سب سے آگے
اراکینِ پارلیمنٹ کی پانچویں ٹیکس ڈائریکٹری وزیر مملکت برائے آمدنی (ریونیو) حماد اظہر نے جاری کی، جس میں اراکینِ پارلیمنٹ کے ظاہر کردہ اثاثوں اور ان پر ادا کیے گئے ٹیکس کے مقابلے میں ان کے اخراجات میں واضح فرق دیکھا جاسکتا ہے۔
مذکورہ ڈائریکٹری فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مرتب کی، جس میں چند افراد کے علاوہ منتخب نمائندوں کی جانب سے ادا کیے جانے والے ٹیکس کی رقم مضحکہ خیز حد تک کم ہے، جو ان کے شاہانہ طرزِ زندگی سے کسی طور مماثلت نہیں رکھتی۔