Dawn News Television

اپ ڈیٹ 25 فروری 2019 06:20pm

لاہور میں دو میٹرو بسوں میں تصادم، لڑکی جاں بحق، متعدد زخمی

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں دو میٹرو بسوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک لڑکی جاں بحق اور 15 افراد زخمی ہو گئے۔

شاہدرہ اور گجومتہ سے آنے والی دو میٹرو بسیں یوحنا آباد اور دلوخورد کے اسٹیشن کے درمیان آپس میں ٹکرا گئیں۔

مزید پڑھیں: نیب کا ملتان میٹرو بس منصوبے کی تحقیقات کا حکم

حادثے کے نتیجے میں کاہنہ کی رہائشی عمارہ مبین موقع پر ہی جاں بحق جبکہ متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حادثے زخمی ہونے والے دس افراد کو لاہور جنرل اسپتال منتقل کر دیا۔

ریسکیو ترجمان نے لڑکی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں بسوں کے ڈرائیورز کی حالت نازک ہے۔

فرانزک لیب کی ٹیموں نے جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میٹرو بس منصوبے کی لاگت 50 ارب روپے

ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید نے میٹرو بس ٹریک کا دورہ کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حادثے کی وجوہات جلد سامنے آجائیں گی۔

تصادم کے باعث میٹرو بسیں ایک دوسرے میں دھنس گئیں جنہیں کرین کی مدد سے الگ کیا گیا جبکہ حادثے کے بعد میٹرو بس سروس معطل کردی گئی تھی۔

Read Comments