Dawn News Television

شائع 05 مارچ 2019 08:34pm

کسی بھی جارحیت میں ملکی دفاع کو یقینی بنائیں گے، سربراہ پاک فضائیہ

اسلام آباد: پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں ملکی سالمیت کے دفاع کو یقینی بنائے گی۔

پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) جنرل زبیر محمود حیات نے ائیر ہیڈ کوارٹرز میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات کی۔

پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے کہا کہ پاک فضائیہ ملکی دفاع میں ہر اول دستے کی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ دشمن کے ساتھ حالیہ کشیدگی میں قوم کی توقعات پر پور ا اتری ہے۔

جنرل زبیر محمود حیات نے پاک فضائیہ کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنے ان بہادر سپوتوں پر فخر ہے جنہوں نے دشمن کے مذموم مقاصد کو خاک میں ملا دیا۔

اس موقع پر ائیر چیف نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں آگاہ کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں ملکی سالمیت کے دفاع کو یقینی بنائے گی۔

Read Comments