Dawn News Television

اپ ڈیٹ 06 مارچ 2019 07:32pm

پی ایس ایل میچز کیلئے شین واٹسن نے پاکستان آنے کی ہامی بھرلی

پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کا خواب بتدریج حقیقت کا روپ دھارتا جا رہا ہے اور پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) نے اس سلسلے میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

دو سال قبل پی ایس ایل فائنل کے لاہور میں انعقاد کے موقع پر محض چند انٹرنیشنل کرکٹرز نے پاکستان آنے پر آمادگی ظاہر کی تھی لیکن رواں سال بین الاقوامی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد کراچی میں انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے لیے موجود ہو گی۔

اس سلسلے میں ایک اہم ترین پیش رفت ہوئی ہے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے عالمی شہرت یافتہ آسٹریلین آل راؤنڈر شین واٹسن نے لیگ کے آخری مرحلے کے لیے پاکستان آنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔

ابتدائی طور پر واٹسن پاکستان آنے کے لیے رضامند نہیں تھے لیکن گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے آسٹریلین اسٹار کو پاکستان آنے کے لیے تیار کر لیا اور اس بارے میں جلد باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔

شین واٹسن رواں سال لیگ کے 9 میچوں میں 332 رنز بنا کر سرفہرست ہیں۔

یاد رہے کہ شین واٹسن گزشتہ سال بھی پاکستان سپر لیگ کا حصہ تھے لیکن انہوں نے اس وقت پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا۔

Read Comments