Dawn News Television

شائع 12 مارچ 2019 10:18pm

فائر فوکس کی انکرپٹڈ فائل شیئرنگ سروس متعارف

موزیلا نے انکرپٹڈ فائل شیئرنگ سروس فائر فوکس کو صارفین کے لیے متعارف کرا دیا ہے۔

فی الحال بیٹا ورژن میں دستیاب یہ سروس صارفین کو ڈاﺅن لوڈ لنکس ارسال کرنے کی سہولت فراہم کرے گی جو کہ ایک مخصوص وقت کے بعد خودکار طور پر ایکسپائر ہوجائے گا یا مخصوص تعداد میں لوگوں کے ڈاﺅن لوڈ کرنے پر ڈیلیٹ ہوجائے گا۔

کسی فرد کے ڈاﺅن لوڈ سے پہلے اضافی پاس ورڈ بھی لگانے کی سہولت دی جائے گی۔

اس سروس کو فائرفوکس سینڈ کا نام دیا گیا ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ حساس فائلز یا دستاویزات شیئر کرنے کے لیے زیادہ بہتر انتخاب ثابت ہوگی۔

فائر فوکس کی سروس بیٹاورژن میں اب دستیاب ہے اور کسی بھی براﺅزر پر استعمال ہوسکتی ہے۔

صارفین ایک جی بی اسٹوریج کی فائل بائی ڈیفالٹ بھیج سکیں گے تاہم 2.5 جی بی کی فائل کے لیے فائر فوکس اکاﺅنٹ پر سائن اپ ہونا پڑے گا۔

آن لائن پورٹل کے ساتھ موزیلا کی جانب سے اسے آئندہ چند میں اینڈرائیڈ ایپ کی شکل مین متعارف کرایا جائے گا تاکہ موبائل صارفین بھی فائلز اپنی ڈیوائسز پر شیئر کرسکیں۔

کمپنی کے مطابق ڈراپ باکس اور دیگر ایسی ہی سروسز کے مقابلے میں یہ سروس مفت ہوگی مگر صارفین اضافی اسپیس خرید نہیں سکیں گے۔

Read Comments