Dawn News Television

شائع 14 مارچ 2019 02:55pm

عمران خان کی بطور وزیراعظم تنخواہ کی تفصیلات منظرعام پر آگئیں

وزیراعظم عمران خان کو ملنے والی ماہانہ تنخواہ کی تفصیلات سامنے آگئی جس کے مطابق کٹوتیوں کے بعد وزیراعظم کو ایک لاکھ 96 ہزار روپے تنخواہ ملتی ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم پاکستان کی بنیادی تنخواہ ایک لاکھ 7 ہزار 280 روپے ہے۔

وزیراعظم عمران خان کو مہمانداری الاؤنس کی مد میں 50 ہزاراور ایڈہاک ریلیف الاؤنس کے 21 ہزار 456 روپے ملتے ہیں جبکہ انہیں مزید 2 ایڈ ہاک ریلیف الاؤنس ملتے ہیں جن میں ایک 12 ہزار 110 روپے اور دوسرا 10 ہزار 728 روپے ہیں۔

ڈان نیوز کو حاصل ہونے والی سیلری سلپ کے مطابق وزیراعظم کی تنخواہ سے 4 ہزار 595 روپے ٹیکس کی مد میں کاٹے جاتے ہیں، جس کے بعد صرف ایک لاکھ 96 ہزار 979 روپے تنخواہ ملتی ہے۔

مزید پڑھیں: صدر کی تنخواہ میں اضافے کا بل قومی اسمبلی سے منظور

وزیراعظم عمران خان کے مقابلے میں صدر کی تنخواہ 8 لاکھ 46 ہزار 550 روپے ہے اور وفاقی وزراء کی تنخواہ ڈھائی لاکھ روپے کے قریب ہے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی تنخواہ 3 لاکھ 50 ہزار روپے ہے۔

خیال رہے کہ 31 مئی 2018 کو مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دوران قومی اسمبلی نے صدرِ مملکت کی تنخواہ بڑھانے سے متعلق بل منظور کیا تھا جس کے ساتھ ہی صدر کی تنخواہ میں اضافہ کردیا گیا تھا۔

اس سے قبل 23 مئی کو اس وقت کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں وفاقی کابینہ نے پاکستان کے صدر کی تنخواہ میں 7 لاکھ 66 ہزار 550 روپے اضافے کی منظوری دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: 3برس میں وزیر اعظم کی آمدن کم، بلاول، زرداری اور شہباز کی آمدنی میں اضافہ

ڈان نیوز کو موصول ہونے والی سمری کے مطابق صدر کی تنخواہ 8 لاکھ 46 ہزار 550 ہوجائے گی جو چیف جسٹس آف پاکستان کی تنخواہ سے ایک روپیہ زیادہ ہے۔

اس سمری کے نافذالعمل ہونے کے لیے صدر کی تنخواہ اور الاؤنسز سے متعلق ایکٹ 1975 کے سیکشن 3 میں ترمیم درکار تھی۔

اس سے قبل صدر کی تنخواہ آخری مرتبہ 2004 میں 80 ہزار روپے ماہانہ مقرر کی گئی تھی۔

Read Comments