Dawn News Television

شائع 14 مارچ 2019 07:22pm

فیس بک سروسز متاثر ہونے سے مخالف کمپنی کو فائدہ

گزشتہ شب سے آج صبح تک فیس بک اور اس کی دیگر ایپس جیسے انسٹاگرام، میسنجر اور واٹس ایپ کے استعمال میں دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو مشکلات کا سامنا رہا۔

فیس بک دنیا کی مقبول ترین سماجی رابطے کی ویب سائٹ ہے اور اتنی بڑی ہے کہ کوئی بھی حریف سائٹ اس کے قریب نہیں۔

مگر 14 گھنٹے تک اس کی سروسز معطل ہونے کا فائدہ ایک میسجنگ ایپ کو ضرور ہوا۔

فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ سروسز جب بحال ہوئیں تو میسجنگ ایپ ٹیلیگرام کے بانی پاﺅل ڈیورو نے اپنے ٹیلیگرام چینیل پر انکشاف کیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس سروس میں 30 لاکھ صارفین کا اضافہ ہوا۔

اور یہ اعدادوشمار خود فیس بک کے لیے بھی چونکا دینے والے ہیں جس کے اپنے ماہانہ صارفین 2 ارب 30 کروڑ سے زائد ہیں۔

ٹیلیگرام کے بانی نے ان نئے 30 لاکھ صارفین اور فیس بک سروسز معطل ہونے کا ذکر تو نہیں کیا مگر فیس بک کو طنز کا نشانہ ان الفاظ کے ساتھ بنایا کہ ان کی سروس حقیقی پرائیویسی فراہم کرنے کے ساتھ ہر ایک کو لامحدود اسپیس دیتی ہے۔

ٹیلیگرام فیس بک اور انسٹاگرام سے بالکل مختلف ایپ ہے اور بنیادی طور پر واٹس ایپ کی طرح کام کرتی ہے جو بدھ اور جمعرات کو مشکلات کا شکار رہی۔

مارچ 2018 میں ٹیلیگرام استعمال کرنے والوں کی تعداد 20 کروڑ سے زائد تھی اور اس کے بانی اکثر اپنی حریف ایپس بشمول واٹس ایپ کے بارے میں کہتے ہیں کہ وہ صارفین کی پرائیویسی کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات نہیں کررہے۔

Read Comments