Dawn News Television

شائع 24 مارچ 2019 08:47pm

روزانہ یہ مزیدار جوس پینا فالج سے بچانے میں مددگار

فالج ایسا مرض ہے جو دنیا بھر میں ہر سال لاکھوں اموات کا باعث بنتا ہے مگر اس کو خود سے دور رکھنا بہت آسان ہے۔

درحقیقت روزانہ مالٹے کا جوس پینا جان لیوا فالج کا خطرہ نمایاں حد تک کم کردیتا ہے۔

یہ بات نیدرلینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

نیدرلینڈ نیشنل انسٹیٹوٹ فار پبلک ہیلتھ کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو لوگ روزانہ اورنج جوس پیتے ہیں، ان میں فالج کا خطرہ 24 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

یہ مزیدار جوس پینے کی عادت خون کی شریانوں کے امراض کا خطرہ بھی 12 سے 13 فیصد تک کم کردیتی ہے۔

پھلوں کے تازہ رس کا استعمال صحت بخش قرار دیا جاتا ہے مگر کمپنی کے تیار کردہ جوسز میں چینی کی زیادہ مقدار انہیں نقصان دہ بھی بنادیتی ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ ہم نے دریافت کیا کہ خالص مالٹے کا جوس پینا فالج سے تحفظ میں مددگار ثابت ہوتا ہے، یعنی چینی ملانے سے گریز کریں۔

مگر ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ صرف اورنج جوس ہی نہیں دیگر پھلوں کے عرق بھی اس خطرے کو کم کرتے ہیں۔

اس تحقیق کے دوران 20 سے 70 سال کی عمر کے 35 ہزار کے قریب مردوں و خواتین کی غذائی عادات کا جائزہ لیا گیا۔

طبی ٹیم نے دریافت کیا کہ جوس پینے کے ساتھ ساتھ پھلوں کو کھانا بھی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتے ہیں۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے برٹش جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہوئے۔

Read Comments