Dawn News Television

شائع 11 اپريل 2019 07:17pm

سام سنگ کا پاکستان کیلئے ایس 10 سیریز کے فونز سستے کرنے کا اعلان

سام سنگ نے اپنے نئے فلیگ شپ فونز گلیکسی ایس 10 اور ایس 10 پلس کی قیمتیں پاکستانی صارفین کے لیے کم کردی ہیں۔

سام سنگ کے یہ فلیگ شپ فونز 20 فروری کو سان فرانسسکو میں ایک ایونٹ کے دوران متعارف کرائے گئے جبکہ پاکستان میں گزشتہ ماہ فروخت کے لیے پیش کیے گئے۔

اس وقت گلیکسی ایس 10 کی قیمت ایک لاکھ 64 ہزار 999 روپے جبکہ ایس پلس کی ایک لاکھ 79 ہزار 999 روپے رکھی گئی تھی۔

مگر ایک ماہ بعد ہی سام سنگ نے دونوں فونز کی قیمتوں میں کمی کا اعلان اس وقت کیا ہے جب ہواوے پی 30 پرو کو جلد پاکستان میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔

سام سنگ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ان فونز کی قیمتوں کی کمی کا اعلان کیا گیا۔

اس وقت پاکستان میں ایس 10 اور ایس 10 پلس کے 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والے ورژن دستیاب ہیں۔

سام سنگ نے گلیکسی ایس 10 کی قیمت 25 ہزار روپے کمی سے ایک لاکھ 40 ہزار جبکہ ایس 10 پلس کی قیمت 20 ہزار روپے کمی سے ایک لاکھ 60 ہزار روپے کردی ہے۔

اے پی فوٹو

یہ فونز گزشتہ سال کے گلیکسی ایس نائن سیریز کے فونز کے مقابلے میں کچھ بڑے ہیں، گلیکسی ایس 10 میں 6.1 انچ ڈسپلے، 3 بیک کیمروں کا سیٹ اپ اور ایک سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔

گلیکسی ایس 10 پلس میں 6.4 انچ ڈسپلے ہول پنچ ڈوئل کیمرا سیٹ اپ موجود ہے، یہ دونوں فون گزشتہ سال کے گلیکسی ایس 9 کی طرح واٹر ریزیزٹنٹ اور ڈسٹ پروف ہے۔

گلیکسی ایس 10 میں 3400 ایم اے ایچ جبکہ گلیکسی ایس 10 پلس میں 4100 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے ، جو کہ کسی بھی گلیکسی ایس فون میں اب تک کی سب سے طاقتور بیٹری ہے۔

دونوں فونز میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 855 پراسیسر اور بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہے، جن میں سے ایک 16 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اینگل لینس ہے، دوسرا 12 میگا پکسل وائیڈ اینگل جبکہ تیسرا 12 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرا ہے۔

دونوں میں وائرلیس چارجنگ کا فیچر بھی موجود ہے بلکہ اس سے دیگر ڈیوائسز کو بھی وائرلیس چارج کیا جاسکتا ہے۔

Read Comments