Dawn News Television

شائع 15 اپريل 2019 07:15pm

ایپل چین کی جگہ بھارت میں آئی فونز کی پروڈکشن کے لیے تیار

ایپل دنیا کے مقبول ترین اسمارٹ فونز یعنی آئی فون تیار کرنے والی کمپنی ہے اور وہ اب اپنی مہنگی ترین ڈیوائسز کو چین کی بجائے بھارت میں تیار کرنے کے لیے تیار ہے۔

ایپل اپنی تائیوان کی شراکت دار کمپنی فوکس کون کی مدد سے رواں سال فلیگ شپ فونز کی اسمبلنگ بھارت میں شروع کرنے والی ہے۔

فوکس کون ٹیکنالوجی گروپ کے چیئرمین ٹیری گو کے مطابق بھارت میں آئی فون کی بڑے پیمانے پر پروڈکشن رواں سال شروع ہوجائے گی جو کہ ایپل کی چین میں فونز کی تیاری کی حکمت عملی میں بڑی تبدیلی ثابت ہوگی۔

اہم بات یہ ہے کہ بھارت میں مہنگے ترین آئی فونز جیسے آئی فون ایکس اور اس کے بعد کے ماڈلز کو اسمبل کیا جائے گا اور کمپنی کو توقع ہے کہ اس سے بھارت جیسی مارکیٹ میں اس کا بزنس بہت زیادہ بڑھ جائے گا۔

ایپل اس وقت بھارت میں ایک پلانٹ میں پرانے فونز کئی سال سے تیار کررہی ہے مگر اب وہ نئے ماڈلز کی پروڈکشن کے لیے تیار ہے۔

بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق فوکس کون نئے آئی فونز کی آزمائشی پروڈکشن کے لیے تیار ہے جس کے بعد بڑے پیمانے پر چنائی میں فونز کی تیاری کا عمل شروع ہوگا۔

ٹیری گو کا اس بارے میں کہنا تھا کہ مستقبل میں ہماری کمپنی بھارت کی اسمارٹ فون انڈسٹری میں بہت اہم کردار ادا کریں گے کیونکہ ہم اپنی پروڈکشن لائن وہاں منتقل کررہے ہیں۔

گزشتہ سال ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ آئی فونز کی اسمبلنگ بھارت میں کرنے کا مقصد ایپل کو امریکا اور چین کے درمیان جاری تجارتی جنگ کے اثرات سے بچانا ہے۔

ایپل نے اس رپورٹ پر بات کرنے سے انکار کیا ہے جبکہ فوکس کون کا کہنا تھا کہ وہ اپنے صارفین یا پراڈکٹس کے بارے میں بیان جاری نہیں کرتی۔

اس سے قبل گزشتہ سال دنیا کی سب سے بڑی الیکٹرونکس مصنوعات تیار کرنے والی کمپنی سام سنگ نے بھی بھارتی شہر نوئیڈا میں دنیا کی سب سے بڑی موبائل فون تیار کرنے والی فیکٹری کو آپریشنل کردیا تھا۔

سام سنگ کے مطابق اس فیکٹری میں سالانہ 12 کروڑ فونز تیار کیے جاسکیں گے جبکہ دیگر برقی مصنوعات جیسے فریج اور ٹیلیویڑن وغیرہ کی پروڈکشن کا بھی امکان ہے۔

35 ایکڑ پر پھیلی یہ فیکٹری سام سنگ کو اس خطے کے دیگر ممالک میں مصنوعات برآمد کرنے میں مددگار ثابت ہوگی کیونکہ ایسا جلد ممکن ہوسکے گا اور اسے حریف کمپنیوں پر سبقت حاصل ہوجائے گی۔

Read Comments