بھارت: گرد آلود طوفان اور بارشوں سے 31 افراد ہلاک
بھارت کی مختلف ریاستوں میں گرد آلود طوفان اور غیرموسمی بارشوں کے نتیجے میں کم از کم 31 افراد ہلاک ہو گئے۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق گجرات میں گرد آلود طوفان اور بارش کے نتیجے میں مختلف حادثات کے دوران 9 افراد ہلاک ہوئے۔
بارشوں اور گرد آلود طوفان کے نتیجے میں گجرات کے اضلاع احمدآباد، راج کوٹ، بانسکنتھا، پٹن، مہسانا، سبرکنتھا اور آنند شدید متاثر ہوئے ہیں۔
موسلادھار باش اور طوفان کے نتیجے میں مذکورہ علاقوں کی فصلیں تباہ ہوگئیں، اس کے ساتھ ہی مقامی مارکیٹ بھیجے جانے والی سبزیاں خراب ہونے سے سبزی فروشوں کا بھی بہت نقصان ہوا ہے۔
انڈیا میٹیرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی ) نے آج ( 17 اپریل) کو گجرات کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
موسم کی صورتحال کے باعث سبرکنتھا میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی آج ہونے والی ریلی مٹی کے طوفان کی وجہ سے ٹینٹ اکھڑنے کی وجہ سے منسوخ کردی گئی۔
مزید پڑھیں: بھارت: کیرالہ میں بارشوں سے ہلاکتوں کی تعداد 324 ہوگئی
مدھیا پردیش میں بھی طوفان سے شدید تباہی پھیلی جبکہ بجلی گرنے کے مختلف حادثات میں کم از کم 10 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
محکمہ موسمیات نے مدھیا پردیش کے علاقوں نیموچ، مندسور، راج گڑھ،شاجاپور، بھوپال، ودیشا، اشوک نگر سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی ہے۔