Dawn News Television

شائع 17 اپريل 2019 09:03pm

گوگل کے سستے پکسل فونز آئندہ ماہ متعارف ہونے کا امکان؟

گوگل کی جانب سے سستے پکسل فونز آئندہ ماہ متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

گوگل اسٹور میں ایک نیا ٹیزر سامنے آیا ہے جس میں بتایا گیا کہ پکسل یونیورس میں کچھ بڑا آنے والا ہے اور یہ ممکنہ طور پر پکسل 3 اے اور پکسل 3 ایکس ایل فونز ہوسکتے ہیں جو اس کمپنی کی جانب سے 7 مئی کو سالانہ آئی او کانفرنس کے دوران متعارف کرائے جائیں گے۔

ان فونز کے بارے میں گزشتہ چند ماہ سے مختلف لیکس سامنے آئیں، یہاں تک کہ گوگل کی اپنی ویب سائٹ پر بھی تفصیلات دے دی گئیں۔

ان لیکس کے مطابق گوگل اپنے فلیگ شپ پکسل تھری اور تھری ایکس ایل کے مقابلے میں سستے فونز متعارف کراسکتا ہے۔

گوگل پکسل 3 اے سیریز کی کیمرا کارکردگی فلیگ شپ فونز جیسی ہی ہوگی مگر پراسیسر، اسکرین ریزولوشن اور دیگر فیچرز کمتر ہوں گے۔

یہ دونوں فونز ممکنہ طور پر 5.6 انچ اور 6.0 انچ ڈسپلے کے ساتھ ہوں گے۔

اسکرین شاٹ

ان میں اسنیپ ڈراگون 670 پراسیسر، 12 میگا پکسل بیک کیمرا اور ہیڈ فون جیک موجود ہوسکتے ہیں۔

ان کی قیمت کے بارے میں ابھی کچھ کہنا مشکل ہے مگر ان کی قیمت فلیگ شپ پکسل فونز سے کافی ہوگی تاکہ ترقی پذیر ممالک میں زیادہ لوگ انہیں خرید سکیں۔

Read Comments