Dawn News Television

اپ ڈیٹ 20 اپريل 2019 01:09am

لیورپول کے عظیم کھلاڑی کا پاکستان آنے کا اعلان

انگلش فٹ بال کلب لیورپول کے عظیم سابق اسٹرائیکر اور ٹیم کے عالمی سفیر آن رش رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے جس کے دوران وہ فٹ بال کو ملک میں نچلی سطح پر فروغ دیں گے۔

پاک ریڈز کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر میں جاری پیغام میں اعلان کیا گیا کہ آن رش 21 اپریل کو لاہور میں قائم پاک ریڈز کے ہیڈ کوارٹرز میں لیورپول اور کارڈف کے درمیان شیڈول پریمیئر لیگ کے میچ کی اسکریننگ میں شرکت کریں گے۔

مزید پڑھیں: ریال میڈرڈ کے سابقہ اسٹار فٹبالر نیکولس انیلکا بار بار پاکستان آنے کے خواہشمند

آن رش نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’میں پاکستان جانے کا منتظر ہوں اور امید ہے کہ وہاں میرا وقت بہترین گزرے گا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اس کھیل کے لیے بہت پرجوش ہوں اور امید کرتا ہوں کہ جیت سے ان کی ٹیم لیگ ٹیبل میں سب سے اعلیٰ پوزیشن حاصل کرلے گی‘۔

قبل ازیں برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا نے ان کے پاکستان آمد کے سلسلے میں ملاقات کی تھی۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق آن رش پاکستان کے دورے میں نوجوان فٹ بالروں کو تربیت بھی دیں گے تاکہ وہ کھیل میں اپنی پوری صلاحیت آزما سکیں۔

نفیس زکریا نے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ باصلاحیت پاکستانی نوجوان کو فٹ بال جیسے کھیلوں میں پروفیشنل سطح پر لایا جاسکتا ہے۔

ہائی کمشنر نے آن رش اور ان کی ٹیم کو پاکستان میں کھیلوں کے فروغ میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

یاد رہے کہ گزشتہ چند ماہ میں پاکستان نے مختلف معروف فٹ بالروں کی میزبانی کی ہے جن میں کارلیس پویول، رکارڈو کاکا، لوئس فیگو اور نکولس انیلکا شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے ننھنے فٹبالرز نے دنیا میں ملک کا پرچم بلند کردیا

قبل ازیں سرکاری خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد نے آن رش کو پاکستان میں فٹ بال اکیڈمی قائم کرنے کی دعوت دی تھی۔

گزشتہ روز آن رش نے رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کا دورہ کیا تھا جس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے یونیورسٹی کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ ڈاکٹر یوسف صدیقی نے کہا کہ رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی نے لیورپول فٹ بال کلب گلوبل ایمبیسیڈر کو پاکستان میں فٹ بال اکیڈمی قائم کرنے کی دعوت دی ہے اور یہ پاکستان میں اس طرح کی پہلی فٹ بال اکیڈمی ہو گی جس میں نچلی سطح پر تربیت دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آن رش نے رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی میں فٹ بال کے حوالے سے بریفنگ دی ہے اور کھلاڑیوں کو تربیت بھی دیں گے۔

Read Comments