Dawn News Television

شائع 22 اپريل 2019 12:57am

کراچی:اورنگی ٹاون میں مکان سے خاتون اور 2 بچوں کی لاشیں برآمد

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے گلشن بہار میں واقع ایک مکان سے خاتون اور ان کے دو کم سن بچوں کی لاشیں بر آمد ہوئیں جنہیں تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا۔

پاکستان بازار پولیس اور ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق خاتون اور ان کے دونوں بچوں کو اتوار کی رات کو قتل کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مقتولین کی لاشوں ان کے گھر واقع سیکٹر 16 گلشن بہار سے برآمد کرلیا گیا جہاں انہیں گلہ کاٹ کر قتل کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق خاتون کی عمر 32 سال تھی اور بچوں کی شناخت عبدالہادی اور فاطمہ کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس نے لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی: مرد و خاتون کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا گیا، پولیس کا دعویٰ

پولیس کا کہنا تھا کہ تاحال قتل کے محرکات کا سراغ نہیں لگایا جاسکا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ایس ایس پی ویسٹ شوکت کھتیان کا کہنا تھا کہ مقتول خاتون کا شوہر 8 بجے برگر لینے کے لیے گھر سے باہر گیا تھا اور 10 بجے واپس آیا تو ان کی لاشیں دیکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس جائے وقوع سے شواہد اکٹھی کر رہی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال فروری میں اورنگی ٹاؤن کے رہائشی ایک جوڑے کو مبینہ طور غیرت کے نام پر قتل کیا گیا تھا۔

کراچی پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ چند روز قبل حب ڈیم سے متصل روڈ پر ملنے والی 2 لاشوں کو مبینہ طور پر 'غیرت کے نام‘ پر قتل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پولیس کو سرجانی ٹاؤن کے علاقے میں ایک مرد اور خاتون کی گلا کٹی لاشیں ملی تھیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ جوڑے کا تعلق خیبرپختونخوا سے تھا اور وہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے میٹروول میں رہائش پذیر تھے جبکہ اپنے گھروں سے ’لاپتہ‘ تھے۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت نصیب زرخان سے ہوئی تھی۔

Read Comments