Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 اپريل 2019 11:37pm

درخت پر چڑھ کر خدمات انجام دینے والے پولیو ورکرز کے سب ہی لوگ معترف

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انسداد پولیو مہم بابر بن عطا نے فرائض کی انجام دہی کے لیے درختوں پر چڑھ کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے والے ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں ان کی تعریف کی۔

بابر بن عطا نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر میں پولیو ورکرز کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے لکھا کہ ’پولیو ٹیم کی محنت اور لگن کی ایک جھلک، اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے، درختوں پر چڑھنے والے بچوں کو قطرے پلانے کے لیے خود بھی بچوں کے پیچھے درخت پر چڑھ کر ڈیوٹی نبھارہے ہیں‘۔

اس سے قبل رواں برس جنوری میں انسداد پولیو ورکرز کی خدمات کے اعزاز میں ایوان وزیراعظم میں کھانے کا اہتمام کیا گیا تھا۔

پاکستان میں انسداد پولیو مہم کے رضاکاروں کی شمالی علاقوں میں سخت موسم میں پولیو کے قطرے پلانے کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تھیں۔

مزید پڑھیں: انسداد پولیو ورکرز کو خراج تحسین، ایوان وزیراعظم میں طعام کا اہتمام

ان ویڈیوز اور تصاویر میں سخت سردی اور برف باری میں پولیو ورکرز کو فرائض انجام دیتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس نے بھی انسداد پولیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’پاکستانی ہیلتھ ورکرز کا جذبہ قابل تعریف ہے، موسم کی سختی بھی انہیں اپنے مشن سے نہیں روک سکتی‘۔

خیال رہے کہ آج ملک میں جاری انسداد پولیو مہم کا تیسرا دن تھا، دو روز قبل مہم کے پہلے روز خیبرپختونخوا (کے پی) کے دارالحکومت پشاور کے اسکول میں مبینہ طور پر پولیو ویکسینیشن کے بعد 75 بچوں کی حالت اچانک بگڑ گئی تھی، جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جبکہ مشتعل افراد نے صحت مرکز میں توڑ پھوڑ کرکے اسے نذر آتش کردیا تھا۔

بعد ازاں پشاور کی مقامی عدالت نے انسداد پولیو مہم کے خلاف مبینہ طور پر پروپیگینڈا کرنے اور بچوں کی طبیعت خرابی کا ڈرامہ رچانے والے ملزم کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا تھا۔

پشاور میں 448 پولیو ورکرز برطرف

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر پشاور نے پولیو مہم میں فرائض سرانجام نہ دینے پر 448 پولیو ورکرز کو ملازمت سے برطرف کردیا جن میں 41 ایریا سپر وائزر اور 407 کمیونٹی ہیلتھ ورکرز شامل ہیں۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان، این سٹاپ آفیسر ڈاکٹر انور جمال، ڈی ایچ او ڈاکٹر گل محمد خان سمیت دیگر نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا: پولیو ٹیم پر حملہ، ایک اور پولیس اہلکار قتل

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پشاور کو پولیو مہم کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا اور ڈیوٹی نہ دینے والے پولیو اسٹاف سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر پشاور نے ڈیوٹی سرانجام نہ دینے والے اہلکاروں کو فوری طور پر نوکری سے برخاست کرنے کے احکامات جاری کیے۔

انہوں نے کہا کہ پشاور میں پولیو کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہو گا جس میں ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اور ڈیوٹی نہ دینے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

Read Comments