Dawn News Television

اپ ڈیٹ 28 اپريل 2019 12:14pm

اپوزیشن کے نیشنل ایکشن پلان پر حکومتی بریفنگ کے بائیکاٹ کا امکان

اسلام آباد: پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان (این اے پی) پر حکومتی بریفنگ کے بائیکاٹ کا امکان ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکومت 2 مئی کو این اے پی کے تحت اپنے نئے اقدامات سے متعلق پالیمانی رہنماؤں کو بریفنگ دے گی۔

ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے اہم سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بتایا تھا کہ ان کی جماعتوں نے 28 مارچ کو ہونے والے اجلاس کا بھی بائیکاٹ کیا تھا۔

ان افراد کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی جماعتیں اپنے موقف پر قائم ہیں کہ یہ بریفنگ ایوان میں ہونی چاہیے اور وہ اپنے اس موقف سے پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں۔

مزید پڑھیں: اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت وفاقی حکومت کے تمام 435 اداروں کی تنظیم نو کا فیصلہ

انہوں نے مزید کہا کہ اب تک حکومت کی جانب سے 2 مئی کو نیشنل ایکشن پلان پر بریفنگ کے لیے ان سے باضابطہ طور پر رابطہ نہیں کیا گیا، اسی لیے امکان نہیں کہ اپوزیشن جماعتوں کا اس پر موقف تبدیل ہوگا۔

خیال رہے کہ وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے 28 مارچ کو این اے پی بریفنگ پر مدعو کرنے کے لیے اپوزیشن رہنماؤں کو خطوط لکھے تھے۔

تاہم حکومت کی جانب سے اس اجلاس کو آخر لمحے میں اس وقت منسوخ کرنا پڑا تھا جب اپوزیشن جماعتوں نے اس میں شرکت سے انکار کردیا تھا۔

Read Comments