Dawn News Television

اپ ڈیٹ 28 اپريل 2019 12:11pm

'بلین ٹری سونامی میں کرپشن'، پیپلز پارٹی کا نیب سے رجوع کرنے کا فیصلہ

پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) نے خیبرپختونخوا حکومت کے بلین ٹری سونامی پروجیکٹ میں مبینہ کرپشن کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ اعلان پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ہمایوں خان نے کیا اور یہ بھی بتایا کہ ان کی جماعت یوم مزدور کے موقع پر پورے صوبے میں غریب عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور مہنگائی کے خلاف مظاہرے کرے گی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہمایوں خان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کے صوبائی سطح کے رہنماؤں کے ایک وفد نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی ہے اور انہیں پی ٹی آئی حکومت کے اس کرپشن اسکینڈل کے بارے میں آگاہ کیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت گزشتہ 6 برس سے خیبرپختونخوا میں کرپشن اسکینڈل میں ملوث رہی ہے اور میڈیا نے اس حوالے سے کوئی توجہ نہیں دی۔

مزید پڑھیں: اردو پر مکمل عبور نہیں جس کی وجہ سے غلطی ہوئی، بلاول بھٹو

ہمایوں خان نے کہا کہ آج ہم نے مبینہ کرپشن کے بارے میں میڈیا کو بھی آگاہ کردیا ہے جبکہ ہم اس حوالے سے نیب میں درخواست بھی دائر کریں گے اور یہ درخواست بالکل اسی طرح ہوگی جس طرح ہم نے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے میں کرپشن کے خلاف دائر کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی صوبائی پارلیمانی کمیٹی بلین ٹری سونامی پروجیکٹ میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات سے متعلق کام کر رہی ہے اور اس حوالے سے جلد ایک رپورٹ بھی ترتیب دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ رپورٹ مرتب ہونے کے بعد نیب سے اس معاملے میں تحقیقات کے لیے درخواست بھی دائر کی جائے گی۔

پی پی پی رہنما نے کہا کہ حالانکہ یہ منصوبہ صرف ایک ارب درختوں کا ہے لیکن وزیراعظم عمران خان نے چین میں کہا کہ 5 ارب درخت لگائے جاچکے ہیں جو حیران کن بات ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے نیب کے سامنے بیانات قلمبند کرادیے

ان کا کہنا تھا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے دیے جانے والے بیانات ہی عالمی سطح پر پاکستان کے لیے شرمندگی کا باعث بن رہے ہیں۔

ہمایوں خان کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں میں سینیٹر ربینہ خالد اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی بھی شامل تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ہی پی پی پی رہنما فرحت اللہ بابر، ہمایوں خان، ربینہ خالد، اعجاز خان درانی اور فیصل کرین کنڈی سمیت دیگر رہنماؤں نے اسلام آباد کے زرداری ہاؤس میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی تھی۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت دی تھی کہ وہ پی ٹی آئی حکومت کی کرپشن کو ہر فورم پر اٹھائیں۔

Read Comments