70 نئے ٹی وی چینلز کے لائسنس کی نیلامی کا عمل جاری
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے ٹی وی چینلز کے لائسنس کی نیلامی کا سلسلہ جاری ہے جس میں 7 کیٹیگریز کے 70 نئے چینلز کے لائسنس جاری کیے جائیں گے۔
چیئرمین پیمرا سلیم بیگ نے سیٹلائٹ ٹی وی لائسنس کی نیلامی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج نیلامی میں 70 ٹی وی لائسنس کا اجرا کیا گیا جائے گا۔
سلیم بیگ نے کہا کہ ایک ٹی وی چینل سے کئی افراد کے لیے نوکریاں مہیا ہوں گی، پیمرا تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت سے چلتا ہے۔
مزید پڑھیں: پیمرا کا نجی چینل کو وزیر اعظم کی نجی زندگی سے متعلق 'جھوٹی خبر' دینے پر معافی چلانےکا حکم
انہوں نے کہا کہ 88 پاکستانی ٹی وی چینلز اور 227 ریڈیو چینلز کام کر رہے ہیں، 8 انٹرنیٹ پروٹوکول ٹی وی کے لائسنس بھی دے چکے ہیں۔
چیئرمین پیمرا کا کہنا تھا کہ ایک ڈی ٹی ایچ کے لائسنس کا اجرا بھی کر دیا گیا ہے جو جلد ہی آپریشنل ہوگا، اُمید کرتا ہوں کہ آج نئے لائسنس کی نیلامی شفاف اور کامیاب ہو گی۔
پیمرا کی جانب سے 7 مختلف کٹیگیریز کے 70 نئے ٹی وی چینلز کے لائسنس کی نیلامی کی جائے گی، نیلامی کے اس عمل میں 187 کمپنیوں کے نمائندے شرکت کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ نیوز کے 8، انٹرٹینمنٹ کے 27، علاقائی زبانوں کے 12، تعلیم کے 12، اسپورٹس کے 5، صحت کے 4، زراعت کے 2 چینلز کے لائسنس نیلامی کےلیے پیش کیے جائیں گے۔
سیٹلائٹ ٹی وی لائسنس کی 3 کیٹگریز کے لیے نیلامی جاری ہے، جن میں نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز، انٹرٹینمنٹ اور ریجنل سیٹلائٹ ٹی وی لائسنس شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پیمرا نے نجی چینل کے پروگرام پر ایک ماہ کی پابندی عائد کردی
پیمرا کی جانب سے 70 چینلز میں آج مجموعی طور پر 47 سیٹلائٹ ٹی وی لائسنس کی نیلامی ہوگی۔
سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کی نیلامی کے اوپن بِڈ راؤنڈ میں نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز کے 8 ٹی وی لائسنس کے لیے 21 کمپنوں نے نیلامی میں حصہ لیا جبکہ اس مرحلے کے لیے پری کوالیفائی کرنے والی 35 میں سے 14 کمپنیوں نے حصہ نہیں لیا۔
نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز لائسنس کی بیس پرائس 6 کروڑ 35 لاکھ ہے، انٹرٹینمنٹ کے لائسنس کی بیس پرائس 4 کروڑ 85 لاکھ اور ریجنل سیٹلائٹ ٹی وی لائسنس کی بیس پرائس ایک کروڑ ہے۔
لائسنس کی نیلامی میں کامیاب بولی دہندہ کل رقم کا 15 فیصد حصہ جمع کرانے کا پابند ہوگا۔