Dawn News Television

اپ ڈیٹ 15 مئ 2019 07:07pm

وسیم اکرم کی زندگی کا قابل فخر لمحہ، بیٹے کی گریجویشن

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کے بیٹے تیہمور نے امریکا کی ایک یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کرلی جس کو وسیم اکرم نے زندگی کا قابل فخر لمحہ قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں اپنے بیٹے کو مخاطب کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ ‘والدین بچوں کو جو سب سے بڑا تحفہ دے سکتے ہیں وہ تعلیم ہے اور آج آپ نے میرا مان بڑھایا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میرے بیٹے، دنیا آپ کے قدموں میں ہے، بنیاد رکھ دی گئی ہے، مجھے امید ہے کہ آپ اپنے خوابوں کی تکمیل کریں گے اور خوشیوں بھرا ایک مستقبل تعمیر کریں گے’۔

تیہمور نے امریکا میں پنسلوانیا کی ایک لبرل آرٹس کالج الیگہنی کالج سے گریجویشن کی ہے۔

سوشل میڈیا میں جاری تصویر میں دونوں باپ بیٹا مسکراتے چہرے کے ساتھ ہاتھ میں ڈگری لیے کھڑے ہیں۔

وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے بھی تیہمور کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ‘زندگی کے اگلے قدم میں کیا کریں گے اس کا بے چینی سے انتظار ہے اور آپ جو کچھ بھی کریں گے اس کو آپ اچھا بنائیں گے’۔

انہوں نے کہا کہ 'ہم سب آپ کے ساتھ ہر وقت کھڑے ہوں گے'۔

Read Comments