Dawn News Television

شائع 20 مئ 2019 12:22pm

وزیراعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست پر سماعت آئندہ ہفتے مقرر

لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نا اہلی کے لیے دائر درخواست کی جلد سماعت کی استدعا منظور کرتے ہوئے اس کی سماعت آئندہ ہفتے کے لیے مقرر کردی۔

عدالت عالیہ کے جج جسٹس شاہد وحید نے لائیرز فاؤنڈیشن فار جسٹس کی وزیراعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق دائر درخواست پر جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔

مذکورہ درخواست میں وفاقی حکومت اور وزیر اعظم عمران خان نیازی کو فریق بنایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی نااہلی درخواست: 'لارجر بینچ بنانے کا فیصلہ آئندہ سماعت پر کریں گے'

عدالت نے کیس کی جلد سماعت کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔

درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دور حکومت میں عمران خان نے سول نافرمانی کے لیے لوگوں کو اکسایا، عمران خان نے لوگوں کو ٹیکس نہ دینے اور بیرون ممالک سے رقوم نہ بھیجوانے کی تجویز دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے حامیوں سمیت پارلیمنٹ کی عمارت پر دھاوا بولا اور گیٹ توڑے جبکہ عمران خان نے ملکی سالمیت کے خلاف بھی اقدامات کیے۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملکی سیاسی نظام کو تباہ کرنے کی کوشش کی اور ساتھ ہی عدالت سے استدعا کی کہ عدالت وزیراعظم عمران خان کو آرٹیکل 62 ون جی کے تحت نا اہل قرار دے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نااہلی: 'آئندہ ایسی درخواست دائر کی تو جرمانہ کریں گے'

انہوں نے مزید استدعا کی کہ عدالت عمران خان کے خلاف 124 اے کے تحت کارروائی کا حکم دے اور معاملہ اہم نوعیت کا ہے، کیس کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

خیال رہے کہ 21 جنوری 2019 کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نا اہلی سے متعلق درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے تھے کہ آئندہ ایسی درخواست کی گئی تو جرمانہ کریں گے۔

مذکورہ درخواست حافظ احتشام کی جانب سے عمران خان کی نااہلی کے لیے جولائی 2018 کے انتخابات سے پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔

Read Comments