Dawn News Television

اپ ڈیٹ 26 مئ 2019 03:11pm

کراچی میں گرمی کی لہر برقرار، درجہ حرارت 39 ڈگری تک جانے کا امکان

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گرمی کی لہر برقرار ہے اور موسم انتہائی گرم ہونے سے درجہ حرارت 39 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت شہر قائد کا موجودہ درجہ حرارت 35 سینٹی گریڈ ہے اور گرمی کی شدت 39 ڈگری محسوس کی جارہی ہے۔

اس وقت میں کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 48 فیصد ہے، مطلع بالکل صاف ہے اور جنوب مغرب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 6 ناٹیکل میل ہے۔

گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ سمندری ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی: سمندری ہواؤں کے باعث ہیٹ ویو کا خطرہ ٹل گیا

خیال رہے کہ چند روز قبل محکمہ موسمیات نے کراچی میں موسمِ گرما کے آغاز کے بعد ایک ہی ماہ میں دوسری مرتبہ ہیٹ ویو کا انتباہ جاری کیا تھا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ 25 مئی سے 27 مئی تک کراچی میں ہیٹ ویو کا خدشہ ہے، اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 سے 41 سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی لہر جاری ہے، سندھ اور بلوچستان میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

سب سے زیادہ گرمی سندھ کے شہر شہید بے نظیرآباد میں اس وقت درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ، حیدرآباد میں 43 اور سکھر میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی: ایک ماہ میں دوسری مرتبہ 3 روز کیلئے ہیٹ ویو الرٹ جاری

بلوچستان میں بھی شدیدگرمی کی پیشگوئی کی ہے تربت میں درجہ حرارت 43 ڈگری ہے جبکہ پارہ 45 ڈگری تک جانے کاامکان ظاہرکیاگیا ہے۔

اسی طرح جنوبی پنجاب میں گرمی اپنے زوروں پرہے، ملتان میں 38، فیصل آباد اور لاہور میں درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم بالائی مقامات گلگت بلتستان اورکشمیر میں چند مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہےجبکہ مری چترال میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

Read Comments