Dawn News Television

اپ ڈیٹ 12 جون 2019 10:09pm

دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا پہلے میچ میں کامیاب، افغانستان کو شکست

دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا نے ورلڈ کپ کا کامیابی کے ساتھ آغاز کرتے ہوئے افغانستان کو پہلے میچ میں 7وکٹوں سے شکست دے دی۔

برسٹل میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو صرف 5 رنز پر اس کے دونوں اوپنرز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ چکے تھے۔

مزید پڑھیں: سری لنکا کا مایوس کن آغاز، نیوزی لینڈ 10 وکٹوں سے کامیاب

اس موقع پر رحمت شاہ اور حشمت اللہ شاہدی کی جوڑی نے 51رنز کی شراکت قائم کی لیکن حشمت اللہ 18رنز بنانے کے بعد ایڈم زامپا کی گیند پر اسٹمپ ہو گئے۔

ابھی افغان ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ رحمت شاہ کی 43رنز کی اننگز بھی تمام ہوئی جبکہ محمد نبی پویلین لوٹے تو 77رنز پر آدھی افغان ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

افغانستان کے آخری بلے باز مجیب الرحمان کے آؤٹ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی

پانچ وکٹیں گرنے کے بعد بھی افغان بلے بازوں نے ہمت نہ ہاری اور اس مرحلے پر کپتان گلبدین نائب اور نجیب اللہ زدران آسٹریلین باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے اور 83رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا۔

تاہم پھر دونوں ہی بلے باز یکے بعد دیگرے 31 اور 51 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد مارکس اسٹوئنس کی وکٹ بن گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ویسٹ انڈیز کے خلاف 3وکٹیں لینے کے باوجود مصباح الحق کی عامر پر شدید تنقید

اختتامی اوورز میں راشد خان نے 27رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ مجیب الرحمان نے بھی 13رنز کی باری کھیلی جس کی بدولت افغانستان نے 200 کا ہندسہ پار کیا۔

افغانستان کی پوری ٹیم 39ویں اوور میں 207رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز اور ایڈم زامپا تین، تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ اسٹوئنس کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔

ڈیوڈ وارنر نے 8 چوکوں کی مدد سے 89رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: رائٹرز

ہدف کے تعاقب میں کپتان ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے آسٹریلین ٹیم کو 96رنز کا شاندار آغاز فراہم کر کے جیت کی بنیاد رکھی۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ کا آغاز مایوس کن ہے لیکن ایونٹ میں واپسی کریں گے، آرتھر

فنچ جارحانہ موڈ میں نظر آئے اور 49گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 66رنز کی اننگز کھیلی۔

عثمان خواجہ کی اننگز صرف 15رنز تک محدود رہی لیکن دوسرے اینڈ سے وارنر نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا البتہ اسٹیون اسمتھ 18رنز بنانے کے بعد مجیب الرحمان کی وکٹ بن گئے۔

آسٹریلیا نے 208 رنز کا ہدف 35ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، وارنر نے 89رنز کی اننگز کھیلی اور انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Read Comments