ورلڈ کپ کا آغاز مایوس کن ہے لیکن ایونٹ میں واپسی کریں گے، آرتھر

اپ ڈیٹ 12 جون 2019
مکی آرتھر نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف قومی ٹیم مختلف روپ میں نظر آئے گی— فائل فوٹو: اے ایف پی
مکی آرتھر نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف قومی ٹیم مختلف روپ میں نظر آئے گی— فائل فوٹو: اے ایف پی

قوم ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کا آغاز مایوس کن ہے لیکن ٹیم بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ایونٹ میں واپسی کرے گی۔

پاکستانی ٹیم کو عالمی کپ میں اپنے پہلے میچ میں ویسٹ انڈین کے خلاف یکطرفہ مقابلے کے بعد 7وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید پڑھیں: پاکستان پہلے معرکے میں ناکام، ویسٹ انڈیز کا ورلڈ کپ میں فاتحانہ آغاز

پاکستان کی پوری ٹیم ٹرینٹ برج میں کھیلے گئے میچ میں 21.4اوورز میں صرف 105رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی تھی جو عالمی کپ میں گرین شرٹس کا دوسرا کم ترین اسکور ہے اور ویسٹ انڈین نے باآسانی تین وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔

پاکستان کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے شکست کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے عالمی کپ کے لیے کی گئی تیاریوں کے مطابق میدان میں کھیل پیش نہیں کیا لیکن ہم ایونٹ میں واپسی کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بیٹنگ دیکھ کر انتہائی مایوسی ہوئی کیونکہ ہمیں پہلے سے توقع تھی کہ ہمیں شارٹ پچ گیندیں کی جائیں گی اور ہم نے اسی مناسبت سے تیاری کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ویسٹ انڈیز کے خلاف 3وکٹیں لینے کے باوجود مصباح الحق کی عامر پر شدید تنقید

'ہمیں معلوم تھا کہ ہمیں شارٹ پچ گیندیں کی جائیں گی اور ہم نے اس کی بہت اچھے طریقے سے تیاری بھی کی تھی لیکن تیاری کے باوجود کھلاڑیوں کی اس طرح کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے۔

یاد رہے کہ یہ پاکستان کی ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں لگاتار 11ویں شکست ہے اور یہ پاکستان کی ون ڈے کرکٹ کی 46سالہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ پاکستان کو مستقل 11میچوں میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہو۔

تاہم مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو فاسٹ باؤلنگ کے خلاف کوئی مسائل نہیں بلکہ ہم ویسٹ انڈیز کے خلاف اچھا نہیں کھیلے اور گزشتہ سیریز میں ہمارے بلے بازوں نے فاسٹ باؤلرز کے خلاف رنز اسکور کیے اور اگر اب ٹیمیں ہمیں شارٹ پچ باؤلنگ کرنا چاہیں گی تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔

مزید پڑھیں: ویسٹ انڈیز کے خلاف ناقص کارکردگی، کئی بدترین ریکارڈز پاکستانی ٹیم کے نام

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا اگلا میچ میزبان اور فیورٹ انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی جہاں ایونٹ سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز مہمان ٹیم کو 0-4 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تاہم مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز اب ماضی بن چکی ہے اور ورلڈ کپ میچ میں قومی ٹیم مختلف روپ میں نظر آئے گی اور ہم ان کے خلاف فتح کی بھرپور کوشش کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں