Dawn News Television

شائع 03 جون 2019 07:07pm

سانپ کی کھال سے چپل تیار کرنے والے دکاندار پر 50 ہزار روپے جرمانہ

محکمہ جنگلی حیات نے وزیر اعظم عمران خان کے لیے 'سانپ' کی کھال سے چپل تیار کرنے والے دکاندار پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جو انہوں نے ادا کرکے چپل واپس لے لی۔

پشاور کے مشہور چپل ساز چچا نورالدین شنواری کی دکان 'کپتان چپل میکر' پر محکمہ جنگلی حیات نے گزشتہ روز چھاپہ مار کر عمران خان کے لیے تیار کی گئی خصوصی چپل قبضے میں لے لی تھی۔

عمران خان کے مداح نعمان نامی شخص نے خصوصی چپل کی تیاری کے لیے مبینہ طور پر امریکا سے 'اژدھے' کی کھال بھجوائی تھی، تاکہ عمران خان کو عید کا تحفہ دیا جاسکے۔

مزید پڑھیں: شاہ رخ خان کیلئے ’پشاوری چپل‘ بنانے والا گرفتار

سانپ کی کھال سے تیار کی گئی چپل — فوٹو: زاہد امداد

تاہم سب ڈویژنل فارسٹ افسر عامر علی نے کہا کہ دکاندار کے پاس بیرون ممالک سے کھال درآمد کرنے کی کوئی دستاویزات نہیں ہیں، کھال ایناکونڈا کی نسل 'پائے تھن' سانپ کی ہے، جس سے چپل تیار کرنے پر دکاندار پر 50 ہزار روپے جرمانہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ دکاندار پر متعدد دفعات لگائی گئی ہیں جن میں جنگلی حیات کو نقصان پہنچانے، جنگلی حیات کی کھال کی غیرقانونی تجارت شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ دکاندار کو خبردار کیا گیا اور باقاعدہ اسٹامپ پیپر پر ان سے لکھ کر لیا گیا کہ مستقبل میں وہ جنگلی حیات کی کھال سے غیر قانونی طور چپل نہیں بنائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے لیے خصوصی 'کپتان چپل' تیار

دکاندار نورالدین شنواری نے جرمانہ ادا کرکے چپل واپس لے لی۔

ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب وہ یہ چپل وزیر اعظم عمران خان کو عید کے تحفے کے طور پر دیں گے۔

Read Comments