Dawn News Television

اپ ڈیٹ 12 جون 2019 10:14pm

پاکستان کی ورلڈ کپ میں شاندار واپسی

پاکستان نے ورلڈ کپ میں اپنے دوسرے میچ میں انگلینڈ کو 14رنز سے شکست دے دی۔

ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

قومی ٹیم نے بابر اعظم، محمد حفیظ اور کپتان سرفراز احمد کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنائے اور انگلینڈ کو جیت کے لیے بڑا ہدف دیا۔

انگلینڈ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو ابتدائی بلے باز زیادہ دیر تک کریز پر نہ ٹک پائے اور 118 پر اس کی 4 وکٹیں گر چکی تھیں۔

تاہم جو روٹ اور جوز بٹلر نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا جبکہ اس دوران انگلینڈ کا رن ریٹ بھی 6 سے کم نہ ہونے دیا۔

روٹ اور بٹلر نے 130رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے انگلینڈ کو میچ میں واپس لے آئے اور جو روٹ نے شاندار سنچری اسکور کی تاہم سنچری کے فوراً بعد وہ شاداب خان کی وکٹ بن گئے، انہوں نے 107رنز بنائے۔

لیکن دوسرے اینڈ سے جوز بٹلر نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے محمد عامر کو چوکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی لیکن اگلی گیند پر اسی کوشش میں وہ وہاب ریاض کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 2 چھکوں اور 9چوکوں کی مدد سے 103رنز بنائے۔

انگلینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 333 رنز بنا سکی اور پاکستان نے میچ میں 14رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔

Read Comments