Dawn News Television

اپ ڈیٹ 14 جون 2019 06:46pm

آسٹریلین آل راؤنڈر اسٹوئنس پاکستان کے خلاف میچ سے باہر

پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ میچ سے قبل آسٹریلیا کی ٹیم کو دھچکا لگا ہے اور اہم آسٹریلین آل راؤنڈر مارکس اسٹوئنس انجری کے سبب پاکستان کے خلاف میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کل ٹونٹن میں مدمقابل ہوں گے تاہم میچ سے قبل اسٹوئنس انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: 'تیز بارش نے ہلکی بارش کو 62 ملی میٹر سے شکست دے دی'

اسٹوئنس نے اب تک ورلڈ کپ 2019 کے تینوں میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی تھی لیکن وہ اتوار کو بھارت کے خلاف میچ میں انجری کا شکار ہوئے۔

آسٹریلین کپتان ایرون فنچ نے انجری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسٹوئنس کو سائیڈ اسٹرین انجری ہوئی ہے، وہ کل کے میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

آسٹریلیا نے اسٹوئنس کے متبادل کے طور پر مچل مارش کو اسکواڈ میں طلب کر لیا ہے تاہم انجری کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ اسٹوئنس بقیہ ورلڈ کپ میں شرکت کر سکیں گے یا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی ٹیم کو ورلڈکپ میں بڑا دھچکا، شیکھر دھاون ایونٹ سے باہر

اسٹوئنس کی غیرموجودگی میں فاسٹ باؤلرز کین رچرڈسن یا جیسن بہرن ڈورف کو کھلائے جانے امکان ہے جبکہ آسٹریلیا کے پاس اسپنر نیتھن لایون اور تجربہ کار بلے باز شان مارش کے استعمال کا آپشن بھی موجود ہے۔

آسٹریلین کپتان نے کہا کہ ہم پاکستان کے خلاف میچ میں کنڈیشنز کو دیکھنے کے بعد فیصلہ کریں گے کہ ہمیں شان مارش کو کھلانا ہے یا اضافی باؤلر کے ساتھ میدان میں اتریں۔

Read Comments