Dawn News Television

اپ ڈیٹ 12 جون 2019 08:19pm

محمد عامر کی ورلڈ کپ میں کیریئر کی بہترین باؤلنگ

محمد عامر نے آسٹریلیا کے خلاف نہ صرف اپنے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا بلکہ ورلڈ کپ 2019 میں اب تک کھیلے گئے میچوں میں کامیاب باؤلر بھی بن گئے ہیں۔

انگلینڈ کے شہر ٹاؤنٹن کے کاؤنٹی کرکٹ گراؤنڈ میں ورلڈ کپ کے 17 ویں میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کے ابتدائی 22 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 146 رنز بنائے تھے اور ایک بڑے اسکور کی جانب گامزن تھے ایسے میں عامر نے 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 82 رنز پر کھیلنے والے ایرون فنچ کو آوٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔

عامر نے پہلی وکٹ حاصل کرتے ہی محمد حفیظ نے آسٹریلیا کے سابق کپتان اسمتھ کو پویلین کی راہ دکھائی جس کے بعد پاکستانی باؤلرز نے آسٹریلیا کے بلے بازوں کے ارادوں کو بڑی حد تک محدود کر دیا۔

مزید پڑھیں:ورلڈکپ: آسٹریلیا کی ٹیم 307 رنز پر آؤٹ، عامر کی 5 وکٹیں

محمد عامر نے شان مارش اور عثمان خواجہ جیسے بہترین بلے بازوں کو آؤٹ کرکے حریف ٹیم کو دباؤ میں لایا اور اپنی نپی تلی باؤلنگ کے ذریعے 20 رنز بنانے والے الیکس کیری اور آخری بلے باز مچل اسٹارک کو آؤٹ کرکے کیریئر میں پہلی مرتبہ 5 وکٹیں حاصل کرلی۔

عامر نے پہلی مرتبہ 5 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو:رائٹرز

محمد عامر نے ان 5 وکٹوں کے ساتھ ہی ورلڈ کپ 2019 میں اب تک کھیلے گئے میچوں میں سب سے زیادہ 10 وکٹیں حاصل کرکے کامیاب باؤلرز کی فہرست میں پہلی پوزیشن اپنے نام کر دی۔

انہوں نے نیوزی لینڈ کے فرگوسن اور آسٹریلیا کے مچل اسٹارک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے جہاں دونوں باؤلرز نے 3 میچوں میں بالترتیب 8 اور 7 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 53 میچوں میں محمد عامر کی میچ میں بہترین باؤلنگ 28 رنز کے عوض 4 وکٹیں تھیں جو انہوں نے 9 اگست 2009 کو سری لنکا کے خلاف کولمبو میں حاصل کی تھیں۔

Read Comments