Dawn News Television

شائع 25 جون 2019 07:42pm

بوئنگ کا اپنے طیارے پارکنگ لاٹ میں کھڑے کرنے کا فیصلہ

بوئنگ کو حالیہ چند ماہ کے دوران اس کے 737 میکس طیاروں کے 2 حادثات کے بعد ان کی سپلائی کے حوالے سے شدید دھچکا لگا تھا اور دنیا بھر میں ممالک کی جانب سے طیاروں کو لینے سے انکار کے بعد ان کو رکھنا بھی کمپنی کے لیے مسئلہ بن گیا ہے۔

اور کمپنی نے اس مسئلے کا جو حل نکالا ہے وہ ذہن گھما دینے والا ہے کیونکہ اس نے عام گاڑیوں کی پارکنگ لاٹس میں ان طیاروں کو کھڑا کرنا شروع کردیا ہے۔

امریکا کے ایک چینیل کنگ ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں اس کا انکشاف کیا کہ گزشتہ سال اکتوبر اور رواں سال مارچ میں 737 میکس طیاروں کے حادثات کے بعد ان کو گراﺅنڈ کیا گیا اور اب یہ طیارے کمپنی اپنے ملازمین کے لیے تعمیر کی گئی پارکنگ لاٹس میں کھڑا کررہی ہے۔

ایسی تصاویر اب انٹرنیٹ پر وائرل ہوچکی ہیں اور کمپنی کے ترجمان کے مطابق طیاروں کی ڈیلیوری رکنے کے بعد ہم کمپنی کے تمام ذرائع استعمال کررہے ہیں اور یہ ہمارا ان طیاروں کے انتظام کے منصوبے کا حصہ ہے۔

بوئنگ 737 میکس کے ناقص سافٹ وئیر کے نتیجے میں ہونے والے 2 حادثات میں مجموعی طور پر 346 افراد ہلاک ہوئے۔

فوٹو بشکریہ کنگ ٹی وی

مارچ میں ایتھوپیا میں طیارے کے گرنے کے بعد متعدد ممالک نے ان طیاروں کے استعمال کو روک دیا تھا اور اس کے نتیجے میں کمپنی کو مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ایک ارب ڈالرز کا نقصان ہوا۔

اسی طرح کمپنی مختلف ممالک کی جانب سے انکار کے بعد اسٹور کیے جانے والے طیاروں کے انتظام پر بھی کافی خرچہ کررہی ہے اور ایک طیارے کی پارکنگ پر ماہانہ 2 ہزار ڈالرز تک خرچ کیے جارہے ہیں۔

فوٹو بشکریہ کنگ ٹی وی

چند ماہ کے دوران ہونے والے حادثات کے بعد چین، ارجنٹینا، بھارت، ایتھوپیا، میکسیکو، برطانیہ، آسٹریلیا، متحدہ عرب امارات اور برازیل نے ان طیاروں کو صرف گراونڈ ہی نہیں کیا بلکہ اپنی ملکی فضا میں داخلے پر بھی پابندی عائد کردی۔

اسی طرح امریکا نے بھی انہیں گراﺅنڈ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Read Comments