Dawn News Television

شائع 15 جولائ 2019 08:47am

قطر نے اپنے سب سے بڑے نیول بیس کا افتتاح کردیا

ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران خلیجی سمندر میں قطر نے اپنا سب سے بڑے نیول بیس کا افتتاح کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عبداللہ بن ناصر بن خلیفہ الثانی اور کمانڈر امریکی نیول فورسز برائےمشرق وسطیٰ ایڈمرل جم ملوئے نے دوحہ کے مشرقی ساحل سے 30 کلومیٹر پر واقع سیمائی سیما میں الداین نیول بیس کا افتتاح کیا۔

خطے میں امریکا قریبی اتحادی قطر میں واشنگٹن کا مشرق وسطیٰ میں سب سے بڑا فوجی اڈہ بھی قائم ہے۔

بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ کے کمانڈر جم ملوئے کا کہنا تھا کہ 'نئے بیس سے ہمیں قطری ساحل کے محافظوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا مزید بہتر موقع ملا ہے'۔

خلیجی ممالک جہاں سے دنیا میں تیل کا تیسرا حصہ گزرتا ہے، حالیہ عرصوں میں کشیدگی میں اضافہ سامنے آیا ہے جہاں امریکا ایران پر تیل بردار جہازوں پر حملے کرنے کا الزام لگارہا ہے جبکہ تہران نے امریکی ڈرون مارگرایا ہے۔

قطر کے وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ '6 لاکھ اسکوائر میٹر سے زائد کی یہ جگہ سمندر اور سرحدی علاقوں کو محفوظ بنانے کے لیے ہے'۔

انہوں نے بتایا کہ 'نیول بیس میں، منفرد بندرگاہ، تربیت اور طبی سہولیات، سول ڈیفنس کے دفاتر اور آپریٹنگ رومز شامل ہیں'۔اس بیس کے ذریعے ایران کے معاملے پر امریکا-قطر تعاون میں اضافے کے حوالے سے سوال کے جواب میں جم ملوئے کا کہنا تھا کہ 'ہماری توجہ بھی یہی ہے'۔

Read Comments