Dawn News Television

شائع 15 جولائ 2019 02:11pm

عمران عباس شیر کے ساتھ وائرل تصویر پر تنقید کی زد میں

پاکستانی اداکار عمران عباس کی حال ہی میں ایک تصویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی جس کی وجہ سے انہیں شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔

وائرل ہوئی اس تصویر میں عمران عباس ایک شیر کے ساتھ پوز کرتے نظر آئے۔

سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیلنی والی اس تصویر پر کئی جانوروں کے تحافظ کے لیے سرگرم کارکنان اور مداحوں نے اپنی مایوسی کا اظہار کیا جبکہ اداکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے یہ سوال بھی کیا کہ انہوں نے ایک جنگلی جانور کو قید میں بند کیوں رکھا گیا ہے؟

جس کے بعد عمران عباس سے فوری وضاحت دیتے ہوئے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیا کہ سمبا (شیر) کوئی پالتو جانور نہیں بلکہ اسے ریسکیو کیا گیا تھا جو اب اپنے مالک سے کافی مانوس ہوچکا ہے۔

عمران عباس کے مطابق 'اس شیر کو اس وقت ریسکیو کیا گیا تھا جب یہ صرف 3 ماہ کا تھا، اسے پالتو بنا کر پنجرے میں نہیں رکھا گیا، اس شیر کو ایک فارم ہاؤس میں اس کے قدرتی ماحول میں ہی رکھا گیا ہے جبکہ صرف ایک دن کے لیے اس گھر میں لایا گیا تھا'۔

اداکار نے مزید بتایا کہ 'سمبا کو انسانوں سے محبت ہے اور اس ہی لیے اسے جنگل واپس نہیں بھیجا جاسکتا کیوں کہ وہ اپنے مالک کے ساتھ مطمئن ہے اور اس کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا'۔

عمران عباس نے مداحوں کے خیال پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ 'آپ کی فکر کرنے کا شکریہ لیکن سمبا کا خیال اچھے سے رکھا جارہا ہے، اس کی خوراک کا بھی خاص خیال رکھا جاتا ہے'۔

Read Comments