Dawn News Television

اپ ڈیٹ 16 جولائ 2019 12:58pm

کراچی: این ای ڈی یونیورسٹی کے پروفیسر کی اہلیہ قتل

کراچی: این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے سینیئر پروفیسر کی اہلیہ کو گلشن اقبال کے علاقے میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ یا تو ڈکیتی کی مزاحمت یا پھر ٹارگٹ کلنگ کا ہوسکتا ہے۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) گلشن شاہنواز چھاچھڑ کا کہنا ہے کہ این ای ڈی یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر رضا علی خان کی اہلیہ 45 سالہ شازیہ خان اپنی گاڑی میں گلشن اقبال بلاک 7 کے بازار سے گھریلو سامان خرید کر یونیورسٹی کی اسٹاف کالونی میں واقع اپنی رہائش گاہ کی جانب جارہی تھیں کہ مسکن چورنگی کے قریب ان پر مسلح افراد نے حملہ کردیا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد میں بلاگر محمد بلال خان کو قتل کردیا گیا، پولیس

ایس پی شاہنواز چھاچھڑ کا کہنا تھا کہ قتل کا واقعہ یا تو ٹارگٹ کلنگ یا پھر ڈکیتی سے مزاحمت کی وجہ سے ہوا ہے جس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ مقتول کے اہلخانہ صدمے میں ہیں جس کی وجہ سے تفتیش کار ان کا بیان ابھی ریکارڈ نہیں کرسکتے کہ کہیں انہیں کسی نے دھمکی تو نہیں دی تھی۔

ایس پی کا کہنا تھا کہ ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران ڈکیت عام طور پر خواتین کو نہیں مارتے جبکہ مقتولہ کے پاس سے قاتلوں نے کوئی سامان بھی نہیں لیا۔

یہ بھی پڑھیں: فرشتہ قتل کیس: وزیر اعظم کے حکم پر پولیس افسران گرفتار

پولیس نے پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعات 302(قتل) اور 34 (اقدام قتل) کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

بعد ازاں خاتون کی لاش کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر لایا گیا۔

پولیس سرجن ڈاکٹر قرار احمد عباسی کا کہنا ہے کہ خاتون کے چہرے پر ایک گولی لگی تھی جو سر تک پہنچ گئی تھی۔

Read Comments