Dawn News Television

شائع 18 جولائ 2019 08:42pm

پہلی بار اسمارٹ فونز کے لیے ڈوئل وائی فائی ٹیکنالوجی متعارف

کیا آپ اکثر اپنے اسمارٹ فون پر وائی فائی کی ناقص اسپیڈ سے پریشان رہتے ہیں؟

تو بہت جلد ایک ایسا فیچر متعارف ہونے والا ہے جو اس مسئلے کو ہمیشہ کے لیے ختم کردے گا۔

درحقیقت چینی کمپنیوں ویوو اور اوپو نے ایک نئے فیچر کو متعارف کرایا ہے جسے ڈوئل وائی فائی کا نام دیا گیا ہے۔

ویوو کے ڈوئل وائی فائی ایکسیلریشن نامی فیچر سے صارفین ایک ڈیوائس میں بیک وقت 2 وائی فائی کنکشنز سے کنکٹ ہوسکے گا اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس کی بدولت گیمنگ اور انٹرنیٹ براﺅزنگ کے لیے مستحکم کنکشن قائم ہوگا۔

اس فیچر میں ڈیوائس 2.4گیگا ہرٹز اور 5 گیگاہرٹز وائی فائی سے بیک وقت کنکٹ ہوسکے گی۔

کمپنی نے اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی چینی سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی جس میں ڈوئل وائی فائی نیٹ ورک کو آئی کیو او او فون میں کام کرتے دکھایا گیا ہے۔

دوسری جانب اوپو نے بھی اسی طرح کے فیچر کی ویڈیو اوپو رینو 10 ایکس زوم میں استعمال کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جس میں ڈیوائس 2.4 گیگا ہرٹز اور 5 گیگا ہرٹز نیٹ ورک پر بیک وقت کنکٹ ہوگئی۔

کمپنی کے مطابق اس سے ڈاﺅن لوڈ اسپیڈ عام وائی فائی کنکشن کے مقابلے میں 322 فیصد بڑھ جاتی ہے جبکہ پیج لوڈ اسپینڈ 44.5 فیصد بڑھ جاتی ہے۔

Read Comments