رنبیر سے ملاقات اور مداحوں کا ’نہیں دپیکا‘ کا اصرار
اگرچہ بولی وڈ چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور اور ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون ماضی میں نہ صرف ایک ساتھ فلموں میں کام کر چکے ہیں بلکہ دونوں کے درمیان قربتیں بھی تھیں۔
تاہم دپیکا پڈوکون کی 2018 میں رنویر سنگھ سے شادی ہونے اور رنبیر کپور کے اداکارہ عالیہ بھٹ سے تعلقات استوار ہونے کے بعد اب پہلی بار دپیکا اور رنبیر کو ایک ساتھ دیکھا گیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ رنبیر کپور اور دپیکا پڈوکون کو فلم ساز لو رنجن کی آنے والی کامیڈی فلم میں کام کرنے کے حوالے سے فلم ساز سے ملاقات کے وقت ساتھ دیکھا گیا اور بعد ازاں دونوں نے موقع کو غنیمت سمجھتے ہوئے تنہائی میں بھی ملاقات کی۔
دونوں کی ملاقات پر جہاں ان کے مداح دونوں میں ایک بار پھر قربتیں بڑھنے کی چہ مگوئیاں کر رہے ہیں، وہیں اداکارہ کے مداح انہیں رنبیر کپور کے ساتھ دوبارہ کام نہ کرنے سے بھی روک رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دپیکا نے سابق بوائے فرینڈ رنبیر کی گرل فرینڈ کو شادی کی دعوت تک نہیں دی؟
خبریں ہیں کہ جلد ہی دپیکا پڈوکون اور رنبیر کپور فلم ساز لو رنجن کی فلم میں اجے دیوگن سمیت دیگر اداکاروں کے ساتھ ایکشن میں دکھائی دیں گے اور اسی فلم کی کاسٹ، کہانی اور شوٹنگ کے حوالے سے معاملات طے کرنے کے لیے ہی دونوں اداکاروں کو ایک ساتھ دیکھا گیا۔