Dawn News Television

شائع 24 جولائ 2019 09:31am

اداکارہ شلپا کا بہن اور اس کی ساس پر قتل کرنے کی کوشش کا الزام

بھارتی ٹیلی ویژن کی اداکارہ شلپا آنند جو اوہانہ آنند کے نام سے بھی جانی جاتی ہیں نے اپنی بہن اور ساس پر انہیں اور ان کی والدہ کو جان سے مارنے کی کوشش کرنے کا الزام لگادیا۔

شلپا آنند گزشتہ چار سال سے ٹیلی ویژن اسکرینز سے دور ہیں، تاہم اب انہوں نے کھل کر ان تمام مسائل پر بات کرلی جو ان کی ذاتی زندگی کو خراب کررہے ہیں۔

اداکار نے مداحوں کے ساتھ شیئر کیا کہ 'چند ماہ قبل میری والدہ نے میری بہن کی ساس بھاوانا برہمبھٹ کے خلاف پولیس میں انہیں اور مجھے قتل کرنے کی کوشش کرنے کی شکایت درج کروائی، لیکن اس کے اگلے روز ہی وہ امریکا سے بھاگ گئی، میں ان سے یہ کہنا چاہتئ ہوں کہ بھارت آکر پولیس کا سامنا کریں، جب بھی آپ بھارت آئیں گی آپ کو پولیس گرفتار کرلے گی'۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ وہ چاہتی ہیں مداح اس موقع پر ان کا سپورٹ کریں۔

شلپا نے اپنی ایک اور پوسٹ میں بہن اور ایک دوست پر الزام لگاتے ہوئے لکھا کہ 'اگر آپ کی سب سے اچھی دوست آپ کا ریپ کرانے کی کوشش کررہی ہو، لیکن آپ کو پہلے ہی اس کے فطرت کا پتا لگ جائے، یا پھر آپ کی بہن آپ کو گھر سے باہر نکالنے کی کوشش کررہی ہوں اور آپ اس کی فطرت سے بھی واقف ہوجائیں، تو کیا کریں گے؟'

خیال رہے کہ شلپا آنند کی بہن ساکشی آنند خود بھی ایک اداکارہ ہیں جو 40 سے زائد کنڑ زبان کی فلموں میں کام کرچکی ہیں۔

شلپا آنند کی بات کی جائے تو وہ ڈراموں کے ساتھ ساتھ کیریئر میں متعدد فلموں میں بھی جلوہ گر ہوئیں۔

وہ اپنے کیریئر میں اس وقت سب سے زیادہ مقبول ہوئیں جب انہوں نے 2007 میں سامنے آنے والے ڈرامے 'دل مل گئے' میں ردھیما نامی ڈاکٹر کا کردار نبھایا تھا۔

شلپا آخری مرتبہ بھارتی ڈرامے 'ماہی ساگر' میں کام کرتی نظر آئیں تھی، جس کی آخری قسط 2015 میں نشر ہوئی تھی۔

Read Comments