Dawn News Television

اپ ڈیٹ 26 جولائ 2019 06:27pm

کراچی میں پہلی بار 24 گھنٹے جاری رہنے والا 11 روزہ کتب میلہ

کراچی کے ایکسپو سینٹر میں کتابوں کے سب سے بڑے میلے کا آغاز ہوگیا جہاں مطالعے کے شوقین افراد کے لیے کم قیمتوں پر دنیا کی بہترین کتابیں دستیاب ہیں۔

ایکسپو سینٹر کے ہال نمبر 5 میں منعقدہ یہ کتب میلہ 26 جولائی سے 5 اگست تک 24 گھنٹے جاری رہے گا جہاں قارئین کسی بھی وقت جا کر 50 سے 90 فیصد رعایت پر اپنی پسندیدہ کتب حاصل کرسکتے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کتب میلے میں شریک ایک خاتون نے بتایا کہ مجھے محسوس ہوا، جیسے کسی سپر مارکیٹ میں آگئی ہوں جہاں ہر طرح کی کتاب موجود ہے اور رعایتی قیمت کے سبب لوگ اتنی بڑی تعداد میں خریداری کررہے ہیں کہ انہیں رکھنے کے لیے ٹرالیوں کی ضرورت پڑ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کتاب سے دوستی جسم اور ذہن کے لیے بہترین

بگ بیڈ وولف بکس کے سربراہ مائرہ شوا نے بتایا کہ ’کتب میلے میں 10 لاکھ سے زائد اردو اور انگریزی کی کتب دستیاب ہیں جنہیں مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، نمائش میں موجود ایک مخصوص حصہ ’کافی ٹیبل ورائٹی‘ کا ہے جس کی قیمتیں دیگر کتب کے مقابلے کچھ زیادہ ہیں لیکن اگر ان کا موازنہ عام طور پر دستیاب کافی ٹیبل کتب سے کیا جائے جو وہ خاصی رعایتی قیمت ہے‘۔

کتب میلے میں عالمی ادب بشمول آرٹ ، آرکیٹیکچر، تاریخ، سائنس، شاعری سمیت مختلف موضوعات کی کتابیں شامل ہوں گی۔

نمائش کا افتتاح سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی اور کراچی میں ملائیشیا کے قونصل جنرل خیر النظران عبد رحمٰن نے کیا، ان کے ہمراہ بگ بیڈ وولف بک سیل کراچی 2019کے منتظم اویس اختر بٹ بھی موجود تھے۔

کتب میلے کے منتظم اور بگ بک پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر اویس اختر بٹ کا کہنا تھا کہ جمعہ سے یہ نمائش عوام کے لیے کھول دی جائے گی۔

نمائش کا افتتاح فردوس شمیم نقوی ودیگر نے کیا، فوٹو: فیس بک

واضح رہے کہ اسی طرح کی ایک نمائش رواں برس 18 سے 29 اپریل تک لاہور میں بھی منعقد کی گئی تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مطالعہ سے ذہن میں وسعت آتی ہے اور یہ خاص طور پر نوجوانوں کے ذہن کی پروروش کے لیے نہایت اہم ہے، کتابیں ہمارے تخیل کو پروان چڑھاتی ہیں اور ہمیں بہتر سوچ کا حامل انسان بناتی ہیں، بگ بیڈ وولف بک سیل لوگوں کو کم قیمت اور باسہولت انداز سے کتابیں فراہم کرتی ہے اور ہم کراچی میں اس کتب میلے کے انعقاد پر بہت خوش ہیں۔'

مزید پڑھیں: بچوں کا جلد سے جلد کتاب سے تعارف کروانا کیوں ضروری ہے؟

اس کتب میلے میں کتابوں کے شائقین کو اپنے پسندیدہ موضوعات سے متعلق کتابوں کی رسائی حاصل ہوگی اور وہ اپنی پسند کی کتابیں تلاش کرسکیں گے۔

اس کتب میلے کا سب سے بہترین پہلو یہ ہے کہ یہ 11 روز تک بغیر کسی تعطل کے دن کے 24 گھنٹے جاری رہے گا۔

Read Comments