Dawn News Television

اپ ڈیٹ 06 اگست 2019 09:12am

امریکا میں فائرنگ کے واقعات: ڈونلڈ ٹرمپ کی سفید فام برتری و نسل پرستی کی مذمت

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیکساس اور اوہائیو میں فائرنگ کے واقعات سے متعلق بیان میں سفیدفام انتہا پسندی و نسل پرستی کی شدید مذمت کی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس سے براہ راست خطاب میں امریکی صدر نے غیر معمولی طور پر نسل پرستی کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ ’ہماری قوم لازمی طور پر نسل پرستی، تعصب اور سفید فام برتری کی مذمت کرے‘۔

مزید پڑھیں: امریکا: شاپنگ مال میں فائرنگ سے 20 افراد ہلاک، حملہ آور زیرحراست

امریکی صدر نے مزید کہا کہ انہوں نے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کو نفرت پر مبنی جرائم اور مقامی دہشت گردی کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے تمام ذرائع بروئے کار لانے کی اجازت دے دی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مذکورہ بیان ٹیکساس اور اوہائیو میں فائرنگ کے واقعات کے پیشِ نظر دیا گیا تھا جو سیاہ فام برتری سے متعلق بیانات سے مختلف تھا۔

قبل ازیں امریکی صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دیے گئے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ’ہم ٹیکساس اور اوہائیو میں ہلاک ہونے والے افراد کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور نہ ہی زخمیوں کا‘۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ’ہم انہیں کبھی نہیں بھول سکتے نہ ہی ان سے پہلے کے افراد کو، ری پبلکنز اور ڈیموکریٹس دونوں ایک ساتھ مل کر اس مسئلے کا حل تلاش کریں، ہمیں فوری طور پر امیگریشن اصلاحات کی ضرورت ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا: ٹیکساس کے بعد اوہائیو میں بھی فائرنگ، 9 افراد ہلاک

انہوں نے کہا کہ ’ہمیں ان 2 المناک واقعات کے اثرات سے نکلنے کے لیے لازمی طور پر کچھ عظیم نہ سہی تو کچھ اچھا کرنا چاہیے‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکا کی ریاست اوہائیو میں ایک مسلح شخص نے فائرنگ کرکے 9 افراد کو ہلاک اور 16 کو زخمی کردیا تھا جبکہ پولیس نے حملہ آور کو بھی ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

اس سے کچھ گھنٹے قبل امریکا کی ریاست ٹیکساس کے شاپنگ مال میں ایک مسلح شخص نے فائرنگ کرکے 20 افراد کو قتل اور 26 افراد کو زخمی کردیا تھا جبکہ واقعے کے بعد حملہ آور نے گرفتاری دے دی تھی۔

Read Comments