Dawn News Television

اپ ڈیٹ 13 اگست 2019 02:26pm

وزیراعظم نے کراچی کی ابتر صورتحال کا نوٹس لے لیا

وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی حکومت کراچی کے عوام کی مشکلات دور کرنے اور دہائیوں سے جاری غفلت سے نجات پانے کے لیے ’جامع پیکج‘ تیار کررہی ہے۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے انہوں نے تمام اراکین اسمبلی کو عید، جشن آزادی اور تعطیلات کے دوران عوام کو مدد کی فراہمی کے لیے اپنے اپنے حلقوں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

خیال رہے کہ شہر کراچی اور سندھ کے مختلف علاقوں میں ہفتے کی رات شروع ہونے والی ہلکی بارش اتوار کےروز موسلا دھار بارش میں تبدیل ہوگئی تھی۔

کراچی جیسے بڑے شہر کا انفرااسٹرکچر تیز بارش برداشت نہ کرسکا جس کے باعث متعدد سڑکیں ندی نالوں کی صورت اختیار کر گئیں جبکہ نشیبی علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں مشکلات کا نہ تھمنے والا سلسلہ عید کے روز بھی برقرار

برسات کے باعث ایک جانب کچھ علاقے مسلسل 3 روز تک بجلی سے محروم رہے تو کہیں بجلی موجودگی کے باعث کرنٹ لگنے اور مختلف حادثات میں 11 سے زائد افراد اور قربانی کے لیے لائےگئے متعدد جانور بھی ہلاک ہوئے۔

مسلسل بارش جاری رہنے کے باعث پیر کی صبح تک شہر کے کئی علاقوں میں پانی جمع تھا جس کے سبب نمازِ عید کے متعدد اجتماعات بھی نہ ہوسکے جب کہ شہریوں کو قربانی کا فریضہ انجام دینے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شیبی علاقوں میں بدستور پانی جمع ہونے کے باعث شہریوں سے اپیل کی کہ اگر ہو سکے تو قربانی کا فریضہ عید کے دوسرے یا تیسرے روز ادا کر لیں۔

مزید پڑھیں: کراچی میں موسلادھار بارش، مختلف حادثات میں 11 افراد جاں بحق

دوسری جانب بارشوں کے باعث شہر کی ابتر صورتحال پر صدر مملکت عارف علوی نے ٹوئٹر پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا شہر بارشوں اور انسانی غفلت کی وجہ سے تباہ ہو گیا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میں اللہ کی عبادت کرتا ہوں اور اس کا شکر ادا کرتا ہوں اور اسی سے التجا کرتا ہوں کہ ہمیں مہلت عطا کرے تاکہ امدادی کام ہو سکیں‘۔

Read Comments