Dawn News Television

اپ ڈیٹ 15 اگست 2019 12:38am

واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب: فضا میں 'اللہ اکبر' کی گونج

لاہور: یوم آزادی اور یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر واہگہ میں پاک-بھارت سرحد پر پرچم اتارنے کی تقریب کے دوران انتہائی پرجوش مناظر دکھائی دیے جہاں شرکاء نے ’اللہ اکبر‘، ’پاکستان زندہ باد‘ اور کشمیر بنے گا پاکستان‘ کے نعروں سے لہو گرما دیا۔

پاکستانی اپنے یوم آزادی کو یوم یکجہتی کشیمر کے طور پر منا رہے ہیں تاکہ مقبوضہ جموں اور کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے جن کی خصوصی حیثیت کو رواں ماہ کے آغاز میں ایک صدارتی حکم نامے کے ذریعے بھارتی حکومت نے ختم کردیا تھا۔

پرچم اتارنے کی تقریب کے دوران نوجوان، بزرگ، بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ اس موقع پر پاکستان رینجرز کے کڑیل جوانوں کے ساتھ ساتھ عوام کا جوش و خروش اور فلک شگاف نعرے بے مثال تھے۔

یوں تو واہگہ پر روزانہ ہی پرچم اتارنے یہ تقریب منعقد ہوتی ہے تاہم یوم پاکستان، یوم دفاع اور یوم آزادی کے موقع پر ہونے والی تقریب میں شرکاء اور رینجرز دونوں ہی حب الوطنی کے الگ رنگ میں رنگے دکھائی دیے۔

رینجرز کی دلیرانہ انداز کی پریڈ کے دوران تقریب دیکھنے کے لیے موجود عوام اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند کرتے رہے۔

رینجرز کے جوانوں کی بوٹس کی دھمک سے ان کا عزم اور ہمت گونجتی سنائی دی۔

Read Comments