Dawn News Television

اپ ڈیٹ 17 اگست 2019 08:24pm

یورو ٹی20 سلیم کو آغاز سے دو ہفتے قبل منسوخ کردیا گیا

یورو ٹی20 سلیم کے افتتاحی ایڈیشن کو مالی مشکلات کے سبب آغاز سے محض دو ہفتے قبل منسوخ کردیا گیا۔

چند ہفتوں قبل ہی یہ افواہیں سامنے آئی تھیں کہ لیگ کو شاید منسوخ کردیا جائے اور یہ افواہی اس وقت درست ثابت ہوئیں جب بدھ کو لیگ کے منتظمین نے مالی مشکلات کے سبب لیگ کی منسوخی کا اعلان کردیا۔

یاد رہے کہ اس لیگ کی انتظامیہ کے اکثر افراد وہی ہیں جو کینیڈا میں گلوبل ٹی20 کا انعقاد کرا رہے ہیں۔

7اگست کو گلوبل ٹی20 میں کھلاڑیوں نے معاوضوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج کیا تھا جس کی وجہ سے منتظمین انتہائی دباؤ کا شکار ہو گئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق مذکورہ لیگ کے 2018 کے ایڈیشن میں شرکت کرنے والے کچھ کھلاڑیوں کی تنخواہیں اور مین آف دی میچ ایوارڈ کی رقم کے ساتھ ساتھ ایونٹ کے کنٹریکٹرز اور دیگر متعلقہ افراد کو بھی اب تک ادائیگی نہیں کی گئی۔

لیگ کے منتظمین نے 13 اگست کو ہونے والے اجلاس کے بعد یورو ٹی20 سلیم کی منسوخی کا اعلان کیا لیکن باضابطہ طور پر اس کی وجوہات بیان نہیں کیں۔

رپورٹس کے مطابق کھلاڑیوں کو بھی منگل کو ہی لیگ کی منسوخی کے بارے میں آگاہ کیا گیا جبکہ اب تک اکثر کھلاڑی لیگ کی منسوخی کے حوالے سے بے خبر ہیں۔

یورو ٹی20 میں بابر اعظم، شاہد آفریدی اور محمد عامر سمیت 11 پاکستانی کھلاڑیوں کو مختلف ٹیموں میں ڈرافٹ کیا گیا تھا۔

لیگ کے ڈرافٹس میں مختلف ٹیموں نے ڈیل اسٹین، اوئن مورگن، فاف ڈیو پلیسی اور راشد خان سمیت متعدد عالمی شہرت یافتہ سپر اسٹارز کی خدمات حاصل کی تھیں۔

Read Comments