Dawn News Television

اپ ڈیٹ 21 اگست 2019 05:38pm

حسن علی کی درخواست منظور، نکاح کیلئے ایک ہفتے کی چھٹی مل گئی

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے فاسٹ باؤلر حسن علی کی فٹنس ٹیسٹ سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں شادی کے لیے ایک ہفتے کی چھٹی دے دی۔

پی سی بی نے 22 اگست سے 7 ستمبر تک لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں لگائے جانے والے پری سیزن ٹریننگ کیمپ کے لیے 20 کھلاڑیوں کو طلب کیا ہے اور ان کھلاڑیوں کی فہرست میں حسن علی کا نام شامل ہے۔

نوجوان فاسٹ باؤلر حسن علی کا 20 اگست کو بھارت کی سامعیہ سے نکاح ہے اور بورڈ نے 19 اور 20 اگست کو کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے فاسٹ باؤلر نے پی سی بی سے درخواست کی تھی انہیں فٹنس ٹیسٹ سے استثنیٰ دیا جائے کیونکہ وہ ان دنوں اپنے نکاح کے سلسلے میں دبئی میں موجود ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے حسن علی کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے انہیں ایک ہفتے کی چھٹی دے دی ہے۔

حسن علی 26 اگست کو پری سیزن کیمپ جوائن کریں گے اور اسی دوران ان کا فٹنس ٹیسٹ بھی لیا جائے گا۔

Read Comments