’بھارت سے کشمیریوں کے آنسوؤں کی قیمت لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں‘
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستانی قوم بھارت سے کشمیریوں کے ایک ایک آنسو کی قیمت لینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
سیالکوٹ میں الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کی تقریبِ حلف بردار سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کاروباری و معاشی سطح پر اور تجارتی سرگرمیوں کے حوالے سے جہاں سیالکوٹ کی اہمیت ہے، وہیں یہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے دفاعی حصار کا پہلا مورچہ بھی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیالکوٹ کے میڈیا کا کردار صرف خبریں لگانا، عوام کے مسائل اجاگر کرنا ہی نہیں بلکہ قومی سلامتی کو اجاگر کرنا بھی ان کی ذمہ داری ہے، اس لیے ضروری ہے کہ یہاں الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن بحال ہو۔
معاون خصوصی نے کہا کہ آج ان حالات میں، جہاں پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں پر حملے ہورہے ہیں، ایسے وقت میں حکومت صحافیوں کے قلم کی طاقت پر یقین رکھتی ہے۔
مزید پڑھیں: پوری قوم جمعے کو کشمیر سے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کرے گی، فردوس اعوان
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قلم کی طاقت وہ موثر ہتھیار ہے جو بندوق کی گولی سے زیادہ موثر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے 9 لاکھ فوج کا پہرہ بٹھا کر کشمیریوں کو بندوق کی نوک پر یرغمال بنا رکھا ہے، کرفیو لگا کر ان سے بنیادی حقوق چھین لیے، انہیں ادویات دستیاب نہیں، کھانے پینے کی بنیادی اشیا، جو ان کا حق ہے، تک بھی انہیں رسائی حاصل نہیں۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت مضحکہ خیز اور لرزہ خیز تصویر پیش کررہی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ انسانیت کی تذلیل کرنے والا اور ریاستی دہشت گردی کے ذریعے مظلوم کشمیریوں کو یرغمال بنانے والا مودی طاقت، جبر اور غرور میں بین الاقوامی قراردادیں، مذمتی بیانات یا انسانی حقوق کی تنظیموں کے مختلف میڈیا کے ذریعے جاری کیے گئے خدشات پر کان دھرنے کے لیے تیار نہیں، ایسے حالات میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہوجاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں قلم کی طاقت ہی وہ واحد طاقت رہ جاتی ہے جس کے ذریعے آپ بین الاقوامی سطح پر مظلوم کشمیریوں کی آواز بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ تعاون کرکے سوشل میڈیا کو رابطے کا ذریعہ بنائیں اور بھارتی جارحیت، آزاد کشمیر، ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی قیادت کے آر ایس ایس نظریے، مودی کے ہٹلر اور نازی نظریے و فلسفے کو بے نقاب کریں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ او آئی سی کی جانب سے قرارداد سامنے آئی ہے، جس میں نہ صرف مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کی مذمت کی گئی بلکہ اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کرفیو ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن کے اپنے ارکان نے انتشار کی سیاست مسترد کردی، فردوس عاشق اعوان
انہوں نے کہا کہ انسانیت کا انسان سے جو رشتہ ہے اسے کسی سرحد اور کسی خطے تک محدود نہیں رکھا جاسکتا، وزیراعظم عمران خان دنیا کے دیگر خطوں میں آباد، افراد اور اقوام کو باور کروارہے ہیں کہ دنیا کے کسی مہذب معاشرے میں اس کی گنجائش نہیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ کشمیر آور میں وزیراعظم کی آواز پر جس طرح پوری قوم بھارتی عزائم کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر سامنے آئی، یہ عمل جاری رہے گا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم کشمیریوں کے ساتھ ہونے والے مظالم کے حوالے سے تفصیلات بیان کریں گے اور ہم میڈیا کی آنکھ سے کشمیریوں کے ساتھ ہونے والے مظالم کی داستان دنیا کو دکھاتے رہیں گے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستانی قوم کا کشمیریوں کے ساتھ جو درد اور احساس کا رشتہ ہے اور ہم مظلوم کشمیریوں کو بتاتے رہیں گے کہ ان کی آنکھ سے جو آنسو گرتا ہے وہ پاکستانی قوم اپنے دل پر محسوس کرتی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیریوں کی آنکھوں سے گرنے والے ایک ایک آنسو کی قیمت اور قرضہ پاکستانی قوم بھارت سے لینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔