Dawn News Television

شائع 16 ستمبر 2019 10:23pm

وائی فائی کا نیا اور تیز ترین ورژن متعارف

کیا اپنے گھر کے وائی فائی انٹرنیٹ کی اسپیڈ سے بیزار رہتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اس کا نیا ورژن باضابطہ طور پر متعارف کرادیا گیا ہے۔

وائی فائی الائنس نے پیر کو اعلان کیا کہ وہ کمپنیوں کو وائی فائی 6 سرٹیفکیشن دینے کا آغاز کررہی ہے، یعنی اب یہ گروپ وائی فائی 6 ڈیوائسز کے لیے معیار طے کرے گا۔

مگر وائی فائی 6 میں ایسا کیا نیا ہے جو اسے موجودہ وائی فائی 5 سے الگ بناتا ہے؟

وائی فائی 6 میں کیا خاص ہے؟

وائی فائی 6 اسی وائی فائی کا نیا ورژن ہے جو آپ برسوں سے استعمال کررہے ہیں مگر یہ زیادہ تیز اور زیادہ افادیت والا ورژن ہے، جیسے موبائل انٹرنیٹ جو 3 جی سے 4 جی پر گیا اور اب 5 جی کا عہد شروع ہورہا ہے، وائی فائی ٹیکنالوجی میں گزرے برسوں کے دوران بتدریج بہتری آئی ہے۔

چونکہ آج کل 4 کے فلمیں اسٹریم کی جاتی ہیں بلکہ پوری پوری ویڈیو گیمز بھی انٹرنیٹ پر چلتی ہیں تو وائی فائی میں بہتری کوئی حیرانی کی بات نہیں۔

اہم بات یہ ہے کہ وائی فائی 6 صارفین کو انٹرنیٹ کی بہت، بہت تیز رفتار فراہم کرے گا اور سی نیٹ نامی ویب سائٹ کی آزمائش کے مطابق یہ نیا ورژن امریکا میں اوسط ڈاﺅن لوڈ اسپیڈ سے ایک ہزار فیصد تیز ہے۔

یعنی ایچ ڈی فلمیں بھی چند سیکنڈوں یا منٹ میں ڈاﺅن لوڈ ہوسکیں گی جبکہ زیادہ ہجوم والی جگہوں یعنی ایسے مقامات جہاں ایک نیٹ ورک سے متعدد ڈیوائسز کنکٹ ہوتی ہیں، پر بھی وائی فائی 6 زیادہ بہتر کارکردگی دکھائے گا۔

کیا موجودہ ڈیوائسز پر کام کرے گا؟

درحقیقت فی الحال ایسا ممکن نہیں کیونکہ ابھی وائی فائی 6 ابتدائی مراحل میں ہے اور ڈیوائسز میں اس کے لیے طے کردہ اسٹینڈرڈ کا خیال رکھنا ہوگا۔

ویسے کمپنیاں اس پر کام کررہی ہیں جیسے سام سنگ گلیکسی ایس 10، گلیکسی نوٹ 10 اور آئی فون 11 میں وائی فائی 6 اسٹینڈرڈ سپورٹ موجود ہے۔

جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ وائی فائی 6 میں ڈاﺅن لوڈ اسپیڈ 1000 ایم بی پی ایس سے زیادہ تیز ہوگی مگر اس وقت بیشتر ہوم نیٹ ورکس اتنی رفتار کو سپورٹ ہی نہیں کرتے، یعنی اگر وائی فائی سکس والی ڈیوائس خرید لیتے ہیں مگر ہوم انٹرنیٹ پیکج محض 200 ایم بی پی ایس پر کام کرتا ہو، تو یہ کچھ ایسا ہی ہوگا جیسے فائیو جی فون کو 4 جی نیٹ ورک پر استعمال کیا جائے گا، یعنی کام کرے گا اور مایوسی بھی نہیں ہوگی، مگر یہ ماضی کے تجربے سے کچھ زیادہ مختلف بھی نہیں ہوگا۔

درحقیقت وائی فائی 6 کے مکمل پھیلاﺅ میں ابھی کچھ عرصہ لگے گا کیونکہ اس کے لیے انفراسٹرکچر درکار ہے مگر یہ ضرور ہے کہ انٹرنیٹ کی دنیا تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔

Read Comments