Dawn News Television

اپ ڈیٹ 15 اکتوبر 2019 12:20pm

نوبیل انعام یافتہ سائنسدان عبدالسلام کی زندگی پر دستاویزی فلم آئندہ ماہ ریلیز ہوگی

پاکستان کے پہلے اور اب تک کے واحد نوبیل انعام یافتہ سائنسدان ڈاکٹر عبدالسلام کی زندگی پر بنائی جانے والی دستاویزی فلم ’سلام‘ کو آئندہ ماہ اکتوبر میں ریلیز کیا جائے گا۔

ڈاکٹر عبدالسلام کی زندگی و کامیابیوں پر بنائی گئی دستاویزی فلم کو آن لائن اسٹریمنگ چینل ’نیٹ فلیکس‘ پر ریلیز کیا جائے گا۔

’سلام‘ فلم کو ریلیز کرنے سے قبل متعدد عالمی فلم فیسٹیول میں پیش کیا جا چکا ہے، جہاں فلم کو سراہا گیا۔

’سلام‘ کو ڈی، ایف ڈبلیو، جنوبی ایشین فلم فیسٹیول، جنوبی ایشین ہیومن رائٹس فیسٹیول، جنوبی ایشین عالمی فلم فیسٹیول اور ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول آف مونٹریال میں پیش کیا جا چکا ہے۔

دستاویزی فلم کو امریکا سمیت دیگر ممالک میں بھی پیش کیا جا چکا ہے۔

دستاویزی میں ڈاکٹر عبدالسلام کی زندگی، ان کے سائنسی تجربات اور ان میں درپیش مسائل سمیت ان کی کامیابوں کو دکھایا گیا ہے۔

ڈاکٹر عبدالسلام برٹش انڈیا میں 1926 میں پاکستان کے صوبہ پنجاب کے چھوٹے سے گاؤں میں پیدا ہوئے تھے۔

ڈاکٹر عبدالسلام نے اچھی تعلیم و تربیت حاصل کرکے اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور انہیں فزکس کی دنیا میں خدمات پر 1979 کو نوبیل انعام دیا گیا تھا۔

Read Comments