Dawn News Television

شائع 22 ستمبر 2019 07:16pm

دنیا کا پہلا ڈوئل پوپ اپ سیلفی کیمروں والا فون

چینی کمپنی ویوو نے دنیا کا پہلا ڈوئل پوپ اپ سیلفی کیمرے والا فون وی 17 پرو متعارف کرادیا ہے۔

جی ہاں اس فون میں مجموعی طور پر 6 کیمرے دیئے گئے ہیں، 4 بیک پر اور 2 فرنٹ پر جو پوپ اپ سلائیڈر میں چھپے ہیں۔

یہ 6.44 انچ کا سپر امولیڈ ڈسپلے سے لیس فون ہے جس میں بیزل نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ فنگرپرنٹ اسکینر اسکرین کے اندر دیا گیا ہے۔

اس میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 675 پراسیسر، 8 جی بی ریم، 128 جی بی اسٹوریج اور 4100 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے۔

اس فون کے اندر ایک گیم موڈ دیا گیا ہے جس کے ساتھ چند فیچرز جیسے وائس چینجر موجود ہیں جو گیمرز کو گیم کھیلتے ہوئے اپنی آواز بدلنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

اس کے بیک پر جیسے اوپر درج کیا جاچکا ہے 4 کیمرے ہیں، جن میں 48 میگا پکسل مین کیمرا، 13 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرا جو 2 ایکس آپٹیکل زوم کی صلاحیت رکھتا ہے، 8 میگا پکسل وائیڈ اینگل کیمرا اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ کیمرا دیا گیا ہے۔

فوٹو بشکریہ ویوو

اس کے فرنٹ پر 32 میگا پکسل مین کیمرے کے ساتھ 8 میگا پکسل وائیڈ اینگل کیمرا دیا گیا ہے جو گروپ سیلفی کو زیادہ بہتر لینے میں مدد دیتا ہے۔

چونکہ اس میں ڈوئل کیمرا سیٹ اپ ہے تو پوپ اپ موڈیول میں معمول سے زیادہ چوڑا ہے مگر یہ اس وقت غائب ہوتا ہے جب فرنٹ کیمروں کو استعمال نہ کیا جارہا ہو۔

خیال رہے کہ ویوو وی 15 پرو پہلا اسمارٹ فون تھا جس میں 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا اور اس کے بعد دیگر کمپنیوں نے بھی ایسے ہی سیلفی کیمرا دینا شروع کردیئے۔

ویوو وی 17 پرو کو اس کمپنی نے بھارت میں فروخت کے لیے سب سے پہلے پیش کیا ہے جہاں اس کی قیمت 29 ہزار 990 بھارتی روپے (65 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

امید ہے کہ آئندہ چند ہفتوں یا مہینوں میں اسے پاکستان میں بھی فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

Read Comments