کردار کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہوں، وینا ملک
اپنے بولڈ بیانات اور کرداروں کی وجہ سے شہرت رکھنے والی اداکارہ وینا ملک نے حال ہی میں صوبے خیبر پختونخوا کی حکومت کی جانب سے اسکول و کالج کی طالبات کے لیے پردے کو لازمی قرار دینے کی حمایت کی تھی۔
وینا ملک نے جہاں طالبات کے لیے پردے کی حمایت کی تھی، وہیں انہوں نے کہا ہے کہ شوبز میں بھی خواتین کے لیے کم سے کم دوپٹہ پہننے کو لازمی قرار دیا جائے۔
اداکارہ نے جہاں شوبز میں دوپٹہ پہننے کو لازمی قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے، وہیں وینا ملک نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ اداکاری کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتی ہیں اور وہ کردار کے لیے ہر وہ لباس پہننے کو تیار ہوں گی جو ان کے کردار کے لیے موزوں ہو۔
اردو نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وینا ملک نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے طالبات کے لیے پردے کو لازمی قرار دینے والے معاملے پر بھی بات کرتے ہوئے وضاحت کی کہ انہوں نے طالبات کو زبردستی پردہ کروانے کی حمایت نہیں کی۔