Dawn News Television

شائع 08 اکتوبر 2019 06:40pm

موٹرولا کا پہلا 64 میگا پکسل کیمرے والا فون

موٹرولا کی جانب سے پہلا 32 میگا پکسل پوپ اپ سیلفی اور 64 میگا پکسل بیک کیمرے سے لیس اسمارٹ فون متعارف کرایا جارہا ہے۔

جی ایس ایم ایرینا کی رپورٹ کے مطابق موٹرولا ون اسمارٹ فون میں بیک پر ڈوئل کیمرا سیٹ اپ دیا جائے گا جس میں مین کیمرا 64 میگا پکسل جبکہ دوسرا 8 میگا پکسل ڈیپتھ کیمرا ہوگا۔

مین کیمرا 4 کے ویڈیو بناسکے گا جبکہ 120 فریم فی سیکنڈ سلوموشن کی صلاحیت بھی رکھتا ہوگا، کیمروں کے لیے نائٹ اور پورٹریٹ موڈ بھی دیا جائے گا۔

اس سے پہلے یہ کمپنی موٹرولا ون زوم اور ویژن میں 48 میگا پکسل کیمرا دے چکی ہے اور اب پہلی بار 64 میگا پکسل کیمرے کو متعارف کرایا جارہا ہے۔

یہ نیا فون ممکنہ طور پر 6.39 انچ آئی پی ایس ایل سی ڈی ڈسپلے سے لیس ہوگا جبکہ فنگرپرنٹ ریڈر بیک پر موجود ہوگا۔

اس کے علاوہ اسٹاک اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم، اسنیپ ڈراگون 675 پراسیسر، 4 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی جائے گی جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے اضافہ ممکن ہوگا۔

یو ایس بی پورٹ سی، ہیڈفون جیک اور ایف ایم ریڈیو ریسیور بھی فون میں شامل ہیں۔

یہ فون کب تک متعارف ہوگا، فی الحال واضح نہیں مگر اس کی تصاویر ضرور لیک ہوکر سامنے آچکی ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل شیاﺅمی، رئیل می اور سام سنگ بھی 64 میگا پکسل بیک کیمرے والے فون متعارف کراچکے ہیں۔

Read Comments